ڈاکٹر کسی بھی معاشرے میں کسی مسیحا سے کم نہیں، بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں آغا خان ہسپتال کراچی کے اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کا کلینک قائم کرنا عظیم اقدام ہے، نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤ الدین مری

جمعہ 29 جون 2018 23:54

کوئٹہ۔29جون(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 29 جون2018ء) نگران وزیراعلیٰ بلوچستان علاؤالدین مری نے کہا ہے کہ انسانیت کی خدمت ایک عظیم عمل ہے جس میں ہم سب کوبڑھ چڑھ کرحصہ لیناچاہئے، ڈاکٹر کسی بھی معاشرے میں کسی مسیحا سے کم نہیں۔ بالخصوص بلوچستان جیسے پسماندہ صوبے میں آغا خان ہسپتال کراچی کے اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کا کلینک قائم کرنا عظیم اقدام ہے جس کی جتنی تعریف کی جائے کم ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے جمعہٰ کے روز آغا خان ہسپتال کراچی کے اسپیشلسٹ ڈاکٹروں کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا جس نے ڈاکٹر صالحہ اسحاق کی سربراہی میں یہاں ان سے ملاقات کی۔ وفد نے وزیر اعلیٰ کو اپنے کوئٹہ کے دورے کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ان کے آنے کا مقصد کوئٹہ میں عارضی کلینک کا قیام ہے تاکہ صوبے کے مریض جن کو اپنے علاج معالجے کے لئے کراچی آنا پڑتا ہے ان کے لئے آسانی پیدا ہوسکے۔

(جاری ہے)

وفد نے بتایا کہ آغا خان ہسپتال کوئٹہ میں جلد E-Clinicقائم کریگا جس سے صوبے کے مریضوں کو بہت فائدہ حاصل ہوگا اور ان کی کوشش ہوگی کے اسپیشلٹ ڈاکٹروں کی مختلف ٹیمیں وقفے وقفے سے کوئٹہ کا دورہ کر کے مریضوں کا معائنہ کریں، انہوں نے بتایا کہ بلوچستان سے مریضوں کی ایک بڑی تعداد علاج کے سلسلے میں کراچی آغا خان کا رخ کرتی ہے اس اقدام کا مقصد ان مریضوں کی مشکلات کو کم کر کے انہیں ان کی دہلیز پر علاج فراہم کرنا ہے، وزیراعلیٰ بلوچستان نے ڈاکٹروں کی اس کائوش کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خوش آئند اور قابل تعریف عمل ہے، انہوں نے کہا کہ بلوچستان پسماندہ صوبہ ہے جہاں ڈاکٹروں کے قلت کے علاوہ افغانستان سے مریضوں کی ایک بڑی تعداد کوئٹہ کا رخ کرتی ہے جس سے مقامی ہسپتالوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑتاہے، وزیر اعلیٰ نے ڈاکٹروں کے وفد کو یقین دلایا کہ نگران حکومت ان کو اس نیک مقصد کی تکمیل کے لئے جتنا ممکن ہوسکے معاونت فراہم کریگی۔

وزیر اعلیٰ نے کوئٹہ میں E-Clinicکے قیام کو سراہتے ہوئے متعلقہ حکام کو اس کے لئے جگہ فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان اب ایک مرتبہ پر پرامن صوبہ بن چکا ہے دیگر صوبوں سے لوگوں کی بڑی تعداد ہر سال گرمیوں میں بلوچستان کا رخ کرتی ہے اور گذشتہ چند سالوں میں صوبے میں سیاحت کو بہت فروغ ملا ہے، وزیر اعلیٰ نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ کوئٹہ سمیت صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی کسی دقت کے بغیر میڈکل کلینک قائم کر سکتے ہیں اور اس سلسلے میں بلوچستان حکومت انہیں ہر ممکن تعاون فراہم کریگی۔