Live Updates

مسلم لیگ ن میں کھُلی بغاوت ، 45 اُمیدواروں نے چودھری نثار علی خان سے رابطہ کر لیا

اُمیدواروں نے ن لیگ کو چھوڑ کر چودھری نثار علی خان کا ساتھ دینے کا عندیہ دے دیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 3 جولائی 2018 11:29

مسلم لیگ ن میں کھُلی بغاوت ، 45 اُمیدواروں نے چودھری نثار علی خان سے ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 03 جولائی 2018ء) : عام انتخابات 2018ء کی آمد آمد ہے اور عام انتخابات کے پیش نظر سیاسی اُمیدواروں کی پارٹیاں چھوڑنے اور دوسری جماعتوں میں شامل ہونے کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ سیاسی نقل و حرکت سے اب تک مسلم لیگ ن کو سب سے زیادہ نقصان پہنچا ہے۔ قائد مسلم لیگ ن نواز شریف کے بیانیے سے اختلاف کرتے ہوئے کئی دیرینہ ساتھی پارٹی چھوڑ چکے ہیں جبکہ کئی اُمیدواروں نے آزاد حیثیت میں الیکشن لڑنے کا اعلان کیا ہے۔

انہی ساتھیوں میں سے ایک سینئیر رہنما چودھری نثار علی خان بھی ہیں، تاہم اب تازہ ترین اطلاعات کے مطابق پارٹی کے 45 سے زائد اُمیدواروں نے چودھری نثار علی خان سے رابطہ کر کے ان کا ساتھ دینے کا عندیہ دے دیا ہے۔ قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ کے مطابق مسلم لیگ ن کی ٹکٹ پر الیکشن لڑنے والے 45 قومی اسمبلی کے اُمیدواروں کے چودھری نثار سے رابطے ہوئے ، اور انہوں نے الیکشن جیتنے کے بعد چودھری نثار علی خان کا ساتھ دینے کا عندیہ دے دیا۔

(جاری ہے)

چودھری نثار علی خان سے رابطے کرنے والوں میں پنڈی ڈویژن کے 12، فیصل آ باد ڈویژن سے 7 ،قصور ، اوکاڑہ ساہیوال اور جنوبی پنجاب سے تعلق رکھنے والے متعدد ن لیگی ٹکٹ ہولڈر شامل ہیں۔ رابطہ کرنے والے ٹکٹ ہولڈر ز میں اپنے حلقوں میں انتخابی جلسوں کے لیے نوازشریف اور شہباز شریف کی مدد لینے سے بھی انکار کر دیا ہے اور یہ ن لیگی ٹکٹ ہولڈرز اپنے جلسے اور جلوسوں میں کسی جگہ بھی نوازشریف کے بیانیہ کو اپنی انتخابی مہم کا حصہ نہیں بنائیں گے ۔

پنجاب کے علاوہ کے پی کے سے بھی 3 ٹکٹ ہولڈرز نثار کے ساتھ رابطے میں ہیں اور ن لیگ کی قیادت کو بھی اس حوالے سے بخوبی علم ہو چکا ہے ۔ نوازشریف شہباز شریف اور مریم نواز خود بھی ان اُمیدواروں سے رابطوں کی کوشش کر رہے ہیں لیکن ابھی تک وہ اس چیز میں کامیاب نہیں ہو سکے ۔ رابطے میں رہنے والے ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈرز میں تین سابق وفاقی وزراء بھی شامل ہیں جنہوں نے ہم خیال دیگر ٹکٹ ہولڈرز کے ساتھ دو اجلاس بھی کئے جس میں شریف برادران کے خلاف اختلافات کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا کہ شریف برادران نے اپنی سیاست کے ساتھ ساتھ ہماری سیاست کا بھی بیڑہ غرق کر دیا ہے ، اس گروپ نے اپنے جلسوں میں برملا یہ بھی کہنا شروع کر دیا ہے کہ ہم ختم نبوت ﷺ کے معاملے میں کسی صورت میں بھی ترمیم کرنے والوں کے ساتھ نہیں ہیں۔

نوازشریف اور مریم نواز پاکستان واپس نہ آئے اور ن لیگی موجودہ صورتحال اسی طرح رہی تو ن لیگ سے باغی ٹکٹ ہولڈرز کی تعداد بڑھ سکتی ہے ۔ ایسے میں لندن میں بیٹھے نواز شریف اور مریم نواز نے بھی پارٹی کے رہنماؤں کے اس برتاؤ پر تشویش کا اظہار کیا ہے ، نواز شریف نے قریبی ساتھیوں کو باغی رہنماؤں سے رابطہ کر کے انہیں ساتھ رکھنے کی ہدایت کی ہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات