Live Updates

ظفر علی شاہ نے کس کے کہنے پر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ؟

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 4 جولائی 2018 11:46

ظفر علی شاہ نے کس کے کہنے پر پاکستان تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 04 جولائی 2018ء) : مسلم لیگ ن کے بانی رہنما ظفر علی شاہ نے حال ہی میں مسلم لیگ ن کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ۔ مسلم لیگ ن کے بانی رہنما کا پارٹی کو چھوڑ کر پی ٹی آئی میں شامل ہونا کئی سوالات اُٹھا رہا جس میں سے ایک اہم سوال یہ ہے کہ آخر کار ظفر علی شاہ کو پی ٹی آئی میں شمولیت اختیار کرنے کے لیے کس نے آمادہ کیا۔

قومی اخبار میں شائع ایک رپورٹ میں بتایاگیا کہ ظفر علی شاہ کو پی ٹی آئی میں شامل ہونے پر ان کے داماد زلفی بخاری نے آمادہ کیا۔ پی ٹی آئی چئیر مین عمران خان کے قریبی ساتھی زلفی بخاری نے ظفر علی شاہ کی پی ٹی آئی میں شمولیت میں ایک اہم کردار ادا کیا ۔ جس کے بعد ظفر علی شاہ مسلم لیگ ن کو خیر باد کہہ کر پاکستان تحریک انصاف کے کھلاڑی بننے کو تیار ہوگئے ہیں ۔

(جاری ہے)

میدیا رپورٹ کے مطابق ظفر علی شاہ 5 جولائی کو پی ٹی آئی میں شمولیت کا باضابطہ اعلان کریں گے ۔ اس سلسلے میں تقریب ایک سینٹر ظفر علی شاہ کی رہائش گاہ پر ہی ہوگی جس میں پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان شرکت کریں گے ۔ ذرائع کے مطابق زلفی بخاری کے سسر ظفر علی شاہ کافی عرصے سے ن لیگ کی قیادت سے نالاں ہیں، ظفر علی شاہ حلقہ این 53 میں عمران خان کی انتخابی مہم میں سرگرم کردار ادا کریں گے ۔

پی ٹی آئی چئیرمین عمران خان نے پارٹی کے سینئیر رہنما اسد عمر کو ہٹا کر اپنے قریبی دوست زلفی بخاری کو اسلام آباد کی انتخابی مہم سونپ دی ہے۔ ظفر علی شاہ کی پی ٹی آئی میں شمولیت کو مسلم لیگ ن کے لیے اچھا شگون قرار نہیں دیا گیا۔ ن لیگ کے کئی سینئیر رہنما پارٹی کو چھوڑ چکے ہیں اور نواز شریف کی پالیسی کی وجہ سے ان کے کئی دیرینہ ساتھیوں نے بھی ان کا ساتھ چھوڑ دیا ہے۔ واضح رہےکہ سینیٹر ظفر علی شاہ کافی عرصے سے پارٹی قیادت کی پالیسیوں سے نالاں تھے۔ ظفر علی شاہ نے گذشتہ کچھ عرصے کے دوران کئی ٹی وی شوز میں متواتر شرکت کی اور پارٹی قیادت کے غلط فیصلوں اور پالیسیوں پر اپنی جماعت ن لیگ کی قیادت کے فیصلوں کو شدید تنقید کا نشانہ بھی بنایا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات