راجن پور،عام انتخابات کیلئے الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پر 100فیصد عمل در آ مد کروایا جائے گا ، ڈپٹی کمشنر

بدھ 4 جولائی 2018 18:26

راجن پور۔4 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2018ء) قانون پر عمل درآمد کرنا ہم سب پر لازم ہے ،جو معاشرہ قانون کی بالا دستی تسلیم نہیں کرتا تباہی اس کا مقدر بن جاتی ہے ،عام انتخابات 2018ء بارے امیدواران کے لئے الیکشن کمیشن آف پاکستان کیجانب سے جاری کردہ ضابطہ ء اخلاق پر 100فیصد عمل کرنا ہو گا ۔ان خیالات کا اظہار ڈپٹی کمشنر /ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر برائے عام انتخابات 2018ء اللہ ڈتہ وڑائچ نے عام انتخابات میں حصہ لینے والے تمام امیدواران اور ان کے نمائندگان کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر راجن پور رب نواز، عام انتخابات2018کے فوکل پرسن ڈی ایم او فرحان مجتبیٰ، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنر اور دیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ضلع بھر کے قومی و صوبائی حلقوں کے تمام امیدواران اور ان کے نمائندگان شریک تھے۔ ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہء اخلاق کے مطابق تشہیری بینرز، پوسٹرز، پمفلٹس اور دیگر مواد کو قواعد کے مطابق رکھا جائے ۔

الیکشن سے متعلقہ انتظامات، آگاہی اور دیگر معاملات کی دیکھ بھال کے لیے ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل اور ڈی ایم کی زیر نگرا نی ڈپٹی کمشنر کمپلیکس میں الیکشن سیل قائم کردیا گیا ہے، جہاں پر تمام امیدواران بلاامتیازرہنمائی حاصل کرسکتے ہیں۔ امیدواران کی جانب سے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر اور فوکل پرسن برائے عام انتخابات2018نے بتایا کہ سرکاری ملازمین اور منتخب بلدیاتی نمائندگان پر سیاسی سرگرمیوں میں شرکت اور ان کی تشہیر پر پابندی ہے۔

کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں تحریری طور پر ڈپٹی کمشنر آفس کو فوری طور پر آگاہ کیا جائے ، جس پر فوری ایکشن لیا جائے گا۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ضابطہء اخلاق برائے انتخابات پر عملدرآمد کرانے کے لیے ضلع کے ہر صوبائی حلقہ میں 2مانیٹرنگ افسران تعینات کردئیے گئے ہیں جو بنا کسی تفریق کے سیاسی سرگرمیوں ، تشہیری مواداور عام انتخابات کے متعلقہ دیگر امورکی نگرانی کرکے باقاعدگی سے ڈپٹی کمشنر /ڈسٹرکٹ مانیٹرنگ آفیسر برائے الیکشن کو رپورٹ پیش کرنے کے پابند ہیں۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر رب نواز نے امیدواران کو کہا کہ قانون کی پاسداری اور اس کی پابندی ہم سب کو اکھٹے مل کر چلنا ہوگا۔ عام انتخابات کے مو قع پر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں گے اور اس سلسلہ میں پاک فوج اور دیگر اداروں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔ ڈی پی او نے امیدواران کوبتایا کہ ضابطہ ء اخلاق برائے الیکشن بارے آگاہی بینرز وغیرہ ضلع بھر کے مختلف مقامات پر آویزاں کردئیے گئے ہیں۔ ممنوعہ تشہیری مواد شائع کرنے والے پبلشرز، پرنٹرز کے خلاف فوری قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔