لاہور ہائی کورٹ نے بھکر سے دو بھائیوں سعید اکبر نوانی اور رشید اکبر نوانی کو الیکشن لڑنے کی اجازت دیدی

بدھ 4 جولائی 2018 18:28

لاہور۔4 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 04 جولائی2018ء) لاہور ہائی کورٹ نے بھکر کے حلقہ این اے 98 ، پی پی 90اور 91 سے دو بھائیوں سعید اکبر نوانی اور رشید اکبر نوانی کی اپیل منظور کرتے ہوئے الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی، لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شمس محمود مرزا کی سربراہی میں دو رکنی بنچ نے سعید اکبر نوانی اور رشید اکبر نوانی کی درخواستوں پر سماعت کی ، عدالت کے رو برو درخواست گزاروں کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ ایپلٹ ٹربیونل نے حقائق کے برعکس فیصلہ سناتے ہوئے الیکشن لڑنے سے روک دیا ہے، الیکشن 2013 میں جعلی ڈگری کی بنیاد پر نااہل قرار دیا جبکہ جعلی ڈگری کیس میں ہائیکورٹ نے بری کردیا تھا، اور آرٹیکل 62 کی زد میں نہیں آتے ہیں ،درخواست گزار وں کے وکیل نے اعتراض اٹھایا کہ ہائیکورٹ کے حکم کے باوجود الیکشن ٹربیونل نے حقائق کے برعکس کاغذات نامزدگی مسترد کیے ہیں، درخواست گزار نے عدالت سے استدعا کی کہ عدالت الیکشن ایپلٹ ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر الیکشن لڑنے کی اجازت دے،عدالت نے الیکشن ایپلٹ ٹربیونل کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے دونوں بھائیوں کو الیکشن لڑنے کی اجازت دے دی۔