،سندھ میں پیپلز پارٹی کا دور ختم ہو چکا ہے، الیکشن کمیشن سندھ میں مقررہ کردہ ضابطہ اخلاق پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے، عام انتخابات امریکہ اس کے حواریوں اور غلامان مصطفی کے درمیان مقابلہ ہے،ڈاکٹر معراج الہدیٰ کا علماء کنونشن سے خطاب

اتوار 8 جولائی 2018 21:30

نواب شاہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 08 جولائی2018ء) امیرجماعت اسلامی سندھ ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی نے کہا ہے کہ 2018 کے عام انتخابات امریکہ اس کے حواریوں اور غلامان مصطفی کے درمیان مقابلہ ہے، مغربی تہذیب وکلچر کو پاکستان میں رائج کرنے کے خلاف علمائے کرام متحد ہو چکے ہیں ،سندھ میں پیپلز پارٹی کا دور ختم ہو چکا ہے، الیکشن کمیشن سندھ میں مقررہ کردہ ضابطہ اخلاق پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہا ہے۔

وہ متحدہ مجلس عمل کے تحت نواب شاہ میں علماء کنونشن سے خطاب کررہے تھے۔ مفتی عبدالرشید،مفتی کامران،سروراحمد قریشی اورنجف رضا نے بھی خطاب کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ کے سابق ممبر سندھ اسمبلی 2 ارب روپے کی رقم سے انتخابی مہم چلا رہئے ہیں،ملک کی سیاست ووسائل پرچندخاندانوں کا قبضہ ہے،جس سے نجات کا واحدحل دیانتدارقیادت کو آگے لانا ہے۔

(جاری ہے)

مفتی عبدالرشید نے کہاکہ منظم سازش کے تحت پاکستان کے خاندانی نظام کو تباہ کرنے کے لیے بے حیائی و عریانی کے کلچر کو عام کیا جارہاہے۔ متحدہ مجلس عمل کی صورت میں دینی جماعتوں کا بابرکت اتحاد عمل میں آچکا ہے اب ضرورت اس امیر کی ہے کہ 25 جولائی کو ووٹ کی طاقت سے دین بیزارقوتوں کا یوم حساب بنا دیںکیونکہ ووٹ کی طاقت ان ظالموں سے نجات کا واحد ذریعہ ہئے 25 ہے،مقامی امیر سروراحمدقریشی نے کہاکہ پچیس جولائی کتاب کی فتح کا دن ہے ،علمائے کرام منبرومحراب کے ذریعے اپنا بھرپورکردار ادا کریں۔ان شاء اللہ فتح حق کی ہوگی۔