کچی آبادیوں کی پسماندگی ختم کر کے انہیں ماڈل بستیاں بنائیں گے ‘لیاقت بلوچ

دینی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلس عمل قومی سیاسی بحران میں عوام کیلئے بہترین متبادل انتخاب ہے

پیر 9 جولائی 2018 21:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جولائی2018ء) متحدہ مجلس عمل اور جماعت اسلامی پاکستان کے سیکرٹری جنرل اور این اے 130 سے امید وار برائے قومی اسمبلی لیاقت بلوچ نے کہاہے کہ دینی جماعتوں کا اتحاد متحدہ مجلس عمل قومی سیاسی بحران میں عوام کے لیے بہترین متبادل انتخاب ہے، کرپٹ ، نااہل ، سیاسی بے وفائوں کے ٹولے ملک و ملت کی خدمت ، ترقی ، استحکام نہیں کر سکتے ، یہ عوام کو دکھ ، درد ، غم ، محرومیاں اور ذلت ہی دے سکتے ہیں ،این اے 130 کے ووٹر ان شاء اللہ میرٹ پر انتخابی نشان ’’کتاب‘‘ کو جتوائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے کریم بلاک ، فیصل ٹائون ، ڈی بلاک ماڈل ٹائون میں عوامی ناشتہ تقاریب ، کوٹھے پنڈ ، موچی پورہ ، شادمان میں ڈو ر ٹو ڈور مہم اور گارڈن ٹائون ، شاہ جمال ، شادمان میں کارنر میٹنگز اور مرکزی انتخابی دفتر کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے کہاکہ قومی سیاست بحرانوں میں ہے ۔ کرپٹ نظام قومی وقار کو داغدار بنارہاہے ۔

کرپشن کی سیاست ، مال و دولت اور کھلنڈرے پن نے عوام کی مشکلات میں اضافہ کیاہے ۔ انہوںنے کہاکہ متحدہ مجلس عمل نظام مصطفیٰؐ کا قیام ، آئین اور قانون کی بالادستی ، خواتین ، نوجوانوں اور اقلیتوں کے لیے باعزت سازگار نظام دے گی ۔ قومی وسائل کی منصفانہ تقسیم ، پانی کی قلت اور سستی بجلی کی فراہمی کے لیے ڈیم تعمیر کریں گے ۔ محب وطن عوام کے ہر طبقہ پر اعتماد کر کے ملک میں خود انحصاری لائیں گے ۔

قرضوں اور سود کی لعنت سے نجات دلائیں گے ۔ کچی آبادیوں کی پسماندگی ختم کر کے انہیں ماڈل بستیاں بنائیں گے ۔ کشمیر کی آزادی کے لیے فیصلہ کن کردار ہوگا ۔ دریں اثنا امیر جماعت الدعوہ پروفیسر محمد سعید ، حافظ زبیر احمد ظہیر صدر اسلامی جمہوری اتحاد ، حافظ عاکف سعید امیر تنظیم اسلامی ، سید کفیل بخاری ناظم اعلیٰ مجلس احرار اسلام ، مولانا عبدالمالک صدر جمعیت اتحاد العلماء پاکستان ، پیرآف چورہ شریف سید کبیر علی شاہ اور علماء و مشائخ رابطہ کونسل کے چیئرمین سجادہ نشین درگاہ کوٹ مٹھن شریف خواجہ معین الدین محبوب کوریجہ نے این اے 130 میں لیاقت بلوچ کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے اپنے حامیان ، مریدین سے بھر پور تعاون کی ہدایت کی ہے ۔