Live Updates

وزارت داخلہ نے نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی خبروں کی تردید کردی

نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالے جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں،انکے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ انکی واپسی پر ہی کیا جائے گا،ترجمان وزارت داخلہ

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 10 جولائی 2018 23:15

وزارت داخلہ نے نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 10 جولائی 2018ء) :وزارت داخلہ نے نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی خبروں کی تردید کردی۔ترجمان وزارت داخلہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالے جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں،انکے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ انکی واپسی پر ہی کیا جائے گا۔

۔تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف اور مریم نواز نے 13 جولائی بروز جمعہ وطن واپس آنے کا اعلان کر رکھا ہے۔ نواز شریف اور مریم نواز کی وطن واپسی پر ممکنہ طور پر انہیں گرفتار کر لیا جائےگا۔ اس حوالے سے قومی احتساب بیورو (نیب) نے مسلم لیگ ن کے تاحیات قائد اور سابق وزیرا عظم محمد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو وطن واپسی پر گرفتار کرنے کے لیے ابتدائی حکمت عملی تیار کرلی ہے۔

(جاری ہے)

نیب لاہور کی 2 ٹیمیں اسلام آباد ائیر پورٹ جبکہ 2 ٹیمیں لاہور ایئرپورٹ پر تعینات کرنے کا فیصلہ کر لیا گیا ہے ذرائع کا کہنا ہے کہ نیب کی ایک ٹیم میں 6 سے 7 نیب کے اہلکار ہوں گے جبکہ پولیس کی مدد الگ ہوگی، نیب ٹیم میں ڈائریکٹر، ڈپٹی ڈائریکٹر عہدے کے افسران سمیت نیب آئی اینڈ ایس کے اہلکار بھی شامل کیے جائیں گے۔ نواز شریف کے لاہور ایئر پورٹ پر لینڈ ہونے کے بعد انہیں اسلام آباد منتقل کرنے کے انتظامات پر بھی غور کیا گیا جبکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بچنے اور سکیورٹی کے پیش نظر بکتر بند گاڑی کا بھی انتظام کیا جائے گا۔

نوازشریف اور مریم نواز کو گرفتار کرنے کے بعد نیب لاہور کی حوالات منتقل کرنے اور بعد ازاں انہیں جیل منتقل کرنے کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دی جا رہی ہے۔اس حوالے سے یہ خبر بھی منظر عام پر آئی تھی کہ نواز شریف اور مریم نواز کا نام ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) میں ڈال دیا گیا ہے۔ وزارت داخلہ نے نیب کی درخواست پر نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی سفارش کی تھی جس کے بعد سیکرٹری داخلہ نے سابق وزیرا عظم نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی منظوری دی۔

تاہم تازہ ترین خبر کے مطابق وزارت داخلہ نے نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کی خبروں کی تردید کردی۔ترجمان وزارت داخلہ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ نواز شریف اور مریم نواز کا نام ای سی ایل میں ڈالے جانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں،انکے نام ای سی ایل میں ڈالنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ انکی واپسی پر ہی کیا جائے گا۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات