ڈاکٹر عاصم حسین کے 462 ارب روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت 13جولائی تک ملتوی کردی گئی

بدھ 11 جولائی 2018 16:53

ڈاکٹر عاصم حسین کے 462 ارب روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت 13جولائی تک ملتوی ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 جولائی2018ء) احتساب عدالت نے ڈاکٹر عاصم حسین کے 462 ارب روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت گواہ کی عدم حاضری کے باعث 13 جولائی تک ملتوی کردی ہے ۔ ڈاکٹرعاصم کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس نے ڈیم بنانے کے حوالے سے بہت ہی اچھا اقدام اٹھایا ہے ۔میں بھی ڈیم کی تعمیرکے لئے اپنا حصہ دینے کا اعلان کرتا ہوں۔بدھ کو احتساب عدالت میں ڈاکٹر عاصم اور دیگر کے خلاف چار سو باسٹھ ارب روپے کرپشن ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

عدالت میں ڈاکٹر عاصم ،سابق سیکرٹری پیٹرولم اعجاز چوہدری سمیت دیگر پیش ہوئے۔ نیب کی جانب سے گواہوں کی عدم پیشی پربرہمی کا اظہارکیا۔ عدالت نے آئندہ سماعت پرگواہ داد علی، شعیب اوراسد کو پیش ہونے کا حکم دیتے ہوئے ریفرنس کی مزید سماعت 13 جولائی تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

سماعت کے بعد میڈیا سے گفتگو میں ڈاکٹرعاصم نے کہا کہ پشاور دھماکے کی مذمت کرتا ہوں۔

دہشتگردی اوراس قسم کے حملے کی توقع کی جارہی تھی۔ اداروں نے اس قسم کے حملے کی پہلے ہی نشاندہی کی تھی کہ الیکشن کو سبوتاژ کیا جائے گا ۔حملہ کرنے والے وہی لوگ ہیں جو ملک میں انتشار پھیلانا چاہتے ہیں ۔ان سے بچنا چاہیے۔ میری ہمدردیاں بلور فیملی کے ساتھ ہیں۔انہوںنے کہا کہ جیسے بھی حالات ہوں الیکشن وقت پرہونے چاہئیں اور سسٹم چلتے رہنا چاہیے ۔پیپلزپارٹی میں بلاول بھٹو کی شکل میں نوجوان چہرہ سامنے آیاہے ۔بلاول بھٹونے کراچی کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کا تہیہ کر رکھا ہے جبکہ ڈیم کے حوالے سے ڈاکٹرعاصم نے کہا کہ میں بھی اس کام میں اپنا حصہ ڈالنے کو تیار ہوں۔