پاکستان میں پانی ایک ملین ایکڑ فٹ سے بھی کم رہ گیا جس کی وجہ سے تشویشناک صورتحال ہے ،ْچیئر مین واپڈا کا دعویٰ

کوشش ہے کہ بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر ایک سال کے اندر شروع کردیں، دیا مر بھاشا ڈیم کیلئے پچاس فیصد فنڈز وفاق سے ملیں گے ،ْ اجلاس سے خطاب

جمعرات 12 جولائی 2018 18:14

پاکستان میں پانی ایک ملین ایکڑ فٹ سے بھی کم رہ گیا جس کی وجہ سے تشویشناک ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 12 جولائی2018ء) چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے کہا ہے کہ پاکستان میں پانی ایک ملین ایکڑ فٹ سے بھی کم رہ گیا جس کی وجہ سے تشویشناک صورتحال ہے۔ڈیمز کی تعمیر کے حوالے سے سپریم کورٹ کی تشکیل کردہ کمیٹی کا پہلا اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ایک ملین ایکڑ فٹ سے بھی کم پانی رہ گیا ہے جس کی وجہ سے بہت تشویشناک صورتحال ہے، ڈیم بنانے کے لیے چیف جسٹس کا فیصلہ تاریخی اقدام ہے۔

(جاری ہے)

چیئرمین واپڈا مزمل حسین نے کہا کہ ہماری کوشش ہوگی کہ واپڈا نے پاکستان بننے کے بعد 18 سال میں دو بڑے ڈیم بنائے، تاہم 1976 کے بعد اس کام میں بہت سستی کا مظاہرہ ہوا، کمیٹی کے اجلاس میں دونوں منصوبوں کی تعمیر شروع ہونے میں تاخیر کی وجوہات کا جائزہ لیا گیاہم تاخیر کے محرکات کا تدارک کریں گے، کوشش ہے کہ بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی تعمیر ایک سال کے اندر شروع کردیں، دیا مر بھاشا ڈیم کیلئے پچاس فیصد فنڈز وفاق سے ملیں گے۔واضح رہے کہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم کی فوری تعمیر کا حکم دیتے ہوئے فنڈ بھی قائم کردیا جس میں عوام سے پیسے جمع کرانے کی اپیل کی گئی ہے۔