مجلس وحدت مسلمین کے پی ایس 105 کے امیدوار کاظم راجیا تحریک انصاف کے حق میں دستبردار

ہفتہ 14 جولائی 2018 21:01

مجلس وحدت مسلمین کے پی ایس 105 کے امیدوار کاظم راجیا تحریک انصاف کے حق ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جولائی2018ء) حلقہ پی ایس 105 مجلس وحدت مسلمین اور پاکستان تحریک انصاف کی سیٹ ایڈجسمنٹ حلقہ پی ایس 105 میں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کا اعلان کرتے ہوئے امیدوار کے حق میںدستبردار ہوگئے ،ایم ڈبلیو ایم کے رہنما کاظم راجیا اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعزیزنے اپنے وفد کے ہمراہ وحدت ہاوس صوبائی دفتر میں ملاقات کی اور دونوں جماعتوں کی جانب سے مشترکہ پریس کانفرنس بھی کی گئی کانفرنس سے خطاب میں مجلس وحدت مسلمین کراچی کے رہنما علامہ مبشر حسن کا کہنا تھا کہ ایم ڈبلیو ایم مثبت اور تعمیری سیاست پر یقین رکھتی ہے۔

ملک کی ترقی و استحکام اور امن و امان کا قیام ہماری اولین ترجیحات میں سے ہیں جس کو حقیقی شکل دینے کے لیے تکفیری اور انتہا پسند قوتوں سے نجات حاصل کرنا ضروری ہے۔

(جاری ہے)

ہمارا اور پاکستان تحریک انصاف کا مشنور ایک ہی ہے ہم بھی قائد اعظم و علامہ اقبال کا پاکستان چاہتے ہیں اور پی ٹی آئی بھی کرپشن سے پاک پاکستان کی خواہاں ہے ہم بھی تکفیریت کا خاتمہ چاہتے ہیں پاکستان تحریک انصاف بھی پاکستان سے شدت پسندی کا خاتمہ چاہتی ہے،حلقہ پی ایس 105 میں پاکستان تحریک انصاف کی حمایت کرپشن اور دہشتگردی کیخلاف پورے عزم سے مشترکہ جدوجہد کا اعلان ہے،کرپشن و شدت پسندی کی مخالفت میں پاکستان تحریک انصاف ہماری ہم خیال جماعت ہے،انشاء اللہ 25 جولائی 2018 کے عام انتخابات میں حلقہ پی ایس 105 کا ساتھ محض بیانات تک محدود نہیں رہے گا بلکہ ہم الیکشن مہم سے نتائج آنے تک اپنے کارکنوں کے ہمراہ میدان میں موجود رہیں گے۔

پاکستان تحریک انصاف کے رہنما علی زیدی نے علامہ راجہ ناصر عباس جعفری و ایم ڈبلیو ایم کے رہنماؤں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ حلقہ پی ایس 105 میں آپ کے تعاون کو کبھی بھی فراموش نہیں کیا جا ئے گا،ایم ڈبلیو ایم ملت تشیع کی نمائندہ اور عوامی جماعت ہے اور ہر قومی ایشو پر یہ جماعت میدان میں موجود رہی ہے،ان کی قومی خدمات لائق تحسین ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اس حلقہ میں ایم ڈبلیو ایم کی طرف سے اپنے امیدوار کی دسبرداری اور حمایت اعلان کے بعد ہماری فتح کو یقینی قرار دیا جا رہا ہے اور ہمیں پوری امید ہے کہ اللہ تعالی کے فضل و کرم سے ہم ہی مذکورہ حلقہ سے کامیاب ہوں گے۔پریس کانفرنس میں ایم ڈبلیو ایم کے علامہ اظہر نقوی،میر تقی ظفر،آصف صفوی جبکہ پی ٹی ائی کی رہنماوں وکارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔