Live Updates

عمران خان نے صرف جھوٹے الزامات لگائے،ثابت کچھ بھی نہیں کر سکے،

محمد نواز شریف کا کیس پاناما سے شروع ،اقامہ پر ختم ہوا، عدالت نے یہ بات بھی کہی ہے کہ کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی،پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز کی نجی ٹی وی چینل سے گفتگو

ہفتہ 14 جولائی 2018 23:55

عمران خان نے صرف جھوٹے الزامات لگائے،ثابت کچھ بھی نہیں کر سکے،
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 جولائی2018ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حمزہ شہباز نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے صرف جھوٹے الزامات لگائے لیکن ثابت کچھ بھی نہیں کر سکے،محمد نواز شریف کا کیس پاناما سے شروع ہوا اور اقامہ پر ختم ہوا، عدالت نے یہ بات بھی کہی ہے کہ کوئی کرپشن ثابت نہیں ہوئی۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو ایک نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور اس کی قیادت عدالتوں کا احترام کرتی ہے لیکن ایک عوامی عدالت بھی ہے جو 25 جولائی کو اپنا حتمی فیصلہ کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی گزشتہ حکومت نے عوامی خدمت کی ہے اور ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے، اپنی اسی کارکردگی کی بنیاد پر ہم عوام کے پاس جا رہے ہین اور پرعزم ہیں کہ 25 جولائی کو عوام ہمیں کامیاب کریں گے۔

(جاری ہے)

ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ انصاف ہوتا ہوا نظر بھی آنا چاہیئے اور انصاف وہ ہوتا ہے جو سب کو نظر آئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ملک فیصلہ کن دور سے گزر رہا ہے لیکن ہم جمہوریت اور ملکی ترقی کے خلاف تمام سازشوں کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے۔ ایک اور سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پشاور، بنوں اور مستونگ میں ہونے والے سانحات دل سوز ہیں جن کی جتنی مذمت کی جائے کم ہے، نگران حکومت کو چاہیئے کہ وہ اپنی ذمہ داری ادا کرے اور سیاسی رہنمائوں کی سکیورٹی کو ہر صورت یقینی بنایا جائے۔ حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ تخریبی اور احتجاجی سیاست کرنے والوں کی بات کوئی نہیں سنے گا ، عوام کو ورغلانے کی کوششیں ناکام ہوں گی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات