کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر طارق عظیم خان کی ٹرینی ڈاڈ اور ٹوباگو کی قومی سلامتی کے وزیر میجر جنرل ریٹائرڈ ایڈمنڈ ڈیلون سے پورٹ آف سپین میں ملاقات

ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی سکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون اور قومی سلامتی بارے تبادلہ خیال کیا گیا

اتوار 15 جولائی 2018 14:40

اوٹاوا۔15 جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جولائی2018ء) کینیڈا میں پاکستان کے ہائی کمشنر طارق عظیم خان نے ٹرینی ڈاڈ اور ٹوباگو کی قومی سلامتی کے وزیر میجر جنرل ریٹائرڈ ایڈمنڈ ڈیلون سے پورٹ آف سپین میں ملاقات کی جس کے دوران علاقائی اور عالمی سکیورٹی صورتحال سمیت باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون اور قومی سلامتی بارے تبادلہ خیال کیا گیا۔

ہائی کمشنر نے وزیر کو پاکستان میں سماجی ، سیاسی اور اقتصادی ترقی کے بارے میں بریف کیا ۔ ہائی کمشنر نے ایڈمنڈ ڈیلون کو بھارتی فورسز کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں کی جانے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں بریف کیا۔ انہوں نے وزیر کو پرامن ، مضبوط اور مستحکم افغانستان کیلئے پاکستان کے تعاون ، کردار اور کوششوں کے بارے میں بتایا۔

(جاری ہے)

وزیر برائے قومی سلامتی نے ٹرینی ڈاڈ اورٹوباگو میں رہنے والے پاکستانیوں کی امن پسندی اور محنت سے کام کرنے کے جذبے کو سراہا اور کہا کہ اس وقت کوئی پاکستانی ٹرینی ڈاڈا اور ٹوباگو میں زیر حراست نہیں ہے۔ انہوں نے تصدیق کی کہ پاکستانی کمیونٹی معاشرے میں مثبت کردار ادا کر رہی ہے ۔ ہائی کمشنر نے وزیر برائے قومی سلامتی ایڈمنڈکو پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی جو کہ وزیر ایڈمنڈڈیلون نے قبول کرلی اور کہا کہ وہ مناسب تاریخوں میں پاکستان کا دورہ کریںگے۔ واضح رہے کہ کینیڈا میں پاکستانی ہائی کمشنر کے پاس ٹرینی ڈاڈا اور ٹوباگو کیلئے بھی سفارتی ذمہ داریاں ہیں۔