عام انتخابات 2018ء کے لیے کراچی کے انتہائی حساس ضلع جنوبی میں الیکشن کمیشن نے ا نتظامات مکمل کرلیے

قومی وصوبائی اسمبلی کی 7 نشستوں پر پولنگ کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن نے اہم اقدامات کو حتمی شکل دیدی

اتوار 15 جولائی 2018 20:30

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جولائی2018ء) عام انتخابات 2018ء کے لیے کراچی کے انتہائی حساس ضلع جنوبی میں الیکشن کمیشن نے ا نتظامات مکمل کرلیے ہیں۔ قومی وصوبائی اسمبلی کی 7 نشستوں پر پولنگ کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لیے الیکشن کمیشن نے اہم اقدامات کو حتمی شکل دیدی ہے۔ ڈیفنس کلفٹن میں گزشتہ عام انتخابات کے دوران ہونے والی سنگین غلطیوں کو نہ دہرانے کا بھی معقول انتظام کرلیا۔

ضلع جنوبی کے تمام پولنگ اسٹیشنز حساس قرار دیئے گئے ہیں۔ ڈسڑکٹ الیکشن کمشنر سمیع اللہ کے مطابق این اے 246 لیاری کی نشست پر تمام پولنگ اسٹیشنزانتہائی حساس ہیں۔ صرف تین پولنگ اسٹیشنز نارمل ہیں جبکہ ضلع جنوبی کے 258پولنگ اسٹیشنز کو سیکورٹی اداروں کی رپورٹ پر حساس اور 223پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ڈسڑکٹ الیکشن کمشنر ضلع جنوبی سمیع اللہ نے ضلعی انتظامیہ اور ٹرینرز کے ہمراہ جاری تربیتی مرحلے کا بھی جائزہ لیا اور مختلف پولنگ اسٹیشنز پر بنیادی سہولیات کی دستیابی پر اطمینان کا اظہار کیا۔

عام انتخابات 2018 میں ضلع جنوبی کی 2قومی اور5 صوبائی نشستوں پر 144امیدوار مدمقابل ہیں جن میں بلاول بھٹو ،فاروق ستار، عمران اسماعیل عارف علوی،سینیٹر سلیم ضیا،خرم شیر زمان،مرتضی وہاب،فوزیہ قصوری،جبران ناصر،محفوظ یار خان،محمد حسین محنتی اور دیگر شامل ہیں۔ ضلع جنوبی میں 10 لاکھ سے زائد ووٹرز کے لیئے 484پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں۔ حساس ترین پولنگ اسٹیشنز پر سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ کی جائے گی۔

الیکشن کمشنر ضلع جنوبی کے مطابق انتخابی عملے کی دستیابی کو یقینی بنایاجارہاہے اور الیکشن کمیشن کی ہدایات و ضابطہ اخلاق پر ہرصورت عمل کے لیے انتظامیہ سے مکمل تعاون ہے۔ انہوں نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے عام انتخابات دوہزار اٹھارہ میں جدید ٹیکنالاجی کے استعمال کے حوالے سے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔