سراج رئیسانی ایک محب وطن انسان تھے،ان کی شہادت کی شفاف تحقیقات ہونا چاہیں، لشکری رئیسانی کی ٹی وی چینل سے گفتگو

پیر 16 جولائی 2018 23:52

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 جولائی2018ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما لشکری رئیسانی نے کہا ہے کہ سراج رئیسانی ایک محب وطن انسان تھے، ان کی شہادت کی شفاف تحقیقات ہونا چاہیں، پیر کو پی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جو لوگ سیاستدان ہوتے ہیں انہیں معلوم ہوتا ہے کہ ان کا انجام کیا ہے، ہمارے سینکڑوں بھائی دہشتگردی کی نذر ہو چکے ہیں جس میں ہمارے خاندان کے بہت سارے لوگ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سراج رئیسانی ایک محب وطن انسان تھے جیسے سب پاکستانی محب وطن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ محب وطنوں کو کبھی غدار اور کبھی قاتل کہہ کر موت کی نیند سلا دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 2011 میں ان کے بیٹے کو شہید کیا گیا اور اب انہیں شہید کر دیا گیا۔ لشکری رئیسانی نے کہا کہ اب یہ افواہ چل رہی ہے کہ انہیں داعش نے شہید کیا ، ان کی شہادت کی خفیہ اور شفاف تحقیقات ہونا چاہئیں۔ انتخابات کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ میرا ضمیر انتخابی خلاقی طور پر مہم چلانے کی اجازت نہیں دیتا تاہم عوام کی مرضی ہے کہ وہ کس کو ووٹ دیتے ہیں۔