Live Updates

سابق وزیر اعظم نواز شریف کو جیل میں شکایات، کمرہ تبدیل

نواز شریف کیپٹن (ر) صفدر کے ساتھ مل کر پانچ وقت نماز اور نوافل بھی ادا کرتے ہیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 17 جولائی 2018 16:01

سابق وزیر اعظم نواز شریف کو جیل میں شکایات، کمرہ تبدیل
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 جولائی 2018ء) : سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو اڈیالہ جیل میں قید ہوئے چار روز گزر چکے ہیں۔ نواز شریف کو اڈیالہ جیل میں بی کلاس جبکہ مریم نواز کو خواتین کے بیرک میں رکھا گیا ہے۔ نواز شریف نے جیل میں سونے کے لیے بستر نہ ہونے اور باتھ روم گندہ ہونے کی شکایت کی تھی جس کے بعد سابق وزیراعلیٰ پنجاب اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کے نگران وزیر اعظم اور نگران وزیر اعلیٰ پنجاب کو لکھے گئے خطوط کے بعد جیل انتظامیہ نے ہوم ڈیپارٹمنٹ کی ہدایت پر نواز شریف کو بہتر کمرے میں منتقل کرد یا ہے۔

سابق وزیر اعظم نواز شریف کو پہلے سے جیل میں بی کلاس میسر ہے ، نواز شریف کو جس نئے کمرے میں منتقل کیا گیا ہے وہ بھی اسی کمپاؤنڈ میں موجود ہے تاہم اس کمرے میںمناسب بیڈ رکھا گیا ہے جس پر میٹرس بھی ہے۔

(جاری ہے)

نواز شریف کو اس نئے کمرے میں 21 انچ کا ٹی وی ، ریڈیو اور ائیرکُولر بھی دیا گیا ہے تاہم اے سی کی سہولت تاحال میسر نہیں ہے۔جیل ذرائع نے بتایا کہ نواز شریف کے نئے کمرے کا باتھ روم قدرے بہتر ہے۔

گذشتہ روز گرمی اور حبس کے باعث نواز شریف کی طبیعت میں بے چینی پائی گئی جس پر ان کا چیک اپ کیا گیا۔ ڈاکٹرز نے نواز شریف کا بلڈ پریشر، شوگر اور نبض چیک کی۔ سابق وزیر اعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نوازاور داماد کیپٹن (ر) صفدر کو جیل کے اندر تیار کیا گیا کھانا دیا گیا لیکن نواز شریف اور مریم نواز نے جوس، بریڈ اور تازہ پھلوں پر ہی اکتفا کیا۔

نواز شریف نے اپنے داماد کیپٹن (ر) صفدر کے ساتھ پانچ وقت نماز اور رات کو نوافل کی ادائیگی بھی شروع کر دی ہے۔ نواز شریف نے دن اپنے کمرے کے سامنے کھُلے کمپاؤنڈ میں گزارا او جیل انتظامیہ سے قیدیوں کو دستیاب سہولیات کے حوالے سے تفصیلی معلومات بھی حاصل کیں۔ نواز شریف علی الصبح داماد کیپٹن (ر) صفدر کے ہمراہ چہل قدمی بھی کرتے ہیں۔دوسری جانب سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی اڈیالہ جیل میں سکیورٹی میں اضافہ کر دیا گیا ہے۔

اڈیالہ جیل کی ہیلی کاپٹر کے ذریعے فضائی نگرانی بھی شروع کر دی گئی ہے۔ جیل ذرائع کے مطابق جیل میں نواز شریف اور مریم نواز کی سیکیورٹی کو ریڈ الرٹ کر دیا گیا ہے۔ نواز شریف کی سکیورٹی پر چھ اہلکار تعینات کردئے گئے، جبکہ ان کے ساتھ ایک مشقتی بھی کام کر رہا ہے۔ جیل ذرائع نے بتایا کہ مریم نواز کی سکیورٹی پر خاتون ڈپٹی سپریٹنڈنٹ سمیت 6 خواتین اہلکار تعینات کر دی گئی ہیں۔ جیل کھولنے کے دوران نواز شریف کو محدود رہنے کی ہدایات کی گئیں جبکہ مریم نواز کو بھی محتاط رہنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ جیل میں نواز شریف کو اخبارات بھی مہیا کر دئے گئے ہیں۔ جیل میں نواز شریف اور مریم نواز کو دئے جانے والے کھانے اور پانی کی نگرانی خود جیل سپریٹنڈنٹ کریں گے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات