کارکنوں کو ہدایات جاری کی ہوئی ہیں کہ مخالفین جو زبان ہمارے خلاف استعمال کر رہے ہیں وہ ایسی زبان استعمال نہ کریں ،مولانافضل الرحمن

جمعہ 20 جولائی 2018 23:12

کارکنوں کو ہدایات جاری کی ہوئی ہیں کہ مخالفین جو زبان ہمارے خلاف استعمال ..
ٹانک۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جولائی2018ء) جے یو آئی(ف) کے مرکزی امیر اور متحدہ مجلس عمل کے صدر مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے الیکشن کمیشن کا نوٹس ابتک موصول نہیں ہوا ، ایم ایم اے پر الزام لگانے والے اپنے گریبان میں دیکھیں الیکشن کے دوران ضابطہ اخلاق پر عمل کرنا سیاسی جماعتوں کے قائدین کی ذمہ داری ہے سیاست میں ایک دوسرے کا احترام ہونا چاہئے ہم نے اپنے کارکنوں کو ہدایات جاری کی ہوئی ہیں کہ وہ الیکشن کے ضابطہ پر عمل کو یقینی بنائیں اور مخالفین جو زبان ہمارے خلاف استعمال کر رہے ہیں ہمارے کارکن ان کے خلاف ایسی زبان استعمال نہ کریں ، الیکشن کمیشن کی طرف سے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر جاری ہونے والے نوٹس کے بارے میں مجھے کچھ علم نہیں ہے اور نہ ہی مجھے ابھی تک نوٹس ملا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز ٹانک میںحلقہ این اے 37 اور پی کے 94 سے متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کی انتخابی مہم کے دوران میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔مولانافضل الرحمن نے کہا کہ الیکشن پر اثر انداز ہونے کے حوالے سے جو تاثر قائم ہو گیا ہے میں سمجھتا ہوں کہ ایسی صورتحا ل نہیں ہے اور شائد الیکشن کے نتائج اس تاثر کے برعکس آئیں، ملک میں ہونے والے حالیہ دھماکے الیکشن پر اثر انداز نہیں ہوئے ، سیاسی جماعتوں کے قائدین اور عوام انتخابی مہم میں مصروف عمل ہیں ،صوبہ میں نگران حکومت سے ہمیں کوئی سروکار نہیں نہ ہی ان کو زیر بحث لاتا ہوں کیونکہ نگران حکومت مختصر عبوری وقت کے لئے ہوتی ہے ان کا کام صوبہ میں شفاف الیکشن کرانا ہوتا ہے اور ہمارا کام الیکشن میں حصہ لیناہے، دعاگو ہوں کہ نگرا ن صوبائی حکومت صوبہ میں شفاف الیکشن کرانے میں کامیاب ہو۔

انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی سابقہ حکومت نے صوبہ میں بے شمار ترقیاتی کام کئے عوام کی فلاح و بہبود اور ان کے بنیادی مسائل کے حل کے لئے ترقی کا سفر جاری رکھا صوبہ بھر میں یونیورسٹیوں کے قیام کو یقینی بنا یا اور شہریوں کو صحت کی سہولیا ت مہیا کرنے کے لئے اضلاع کی سطح پر ہسپتالوں کو اے لیول تک پہنچایا متحدہ مجلس عمل کی حکومت میں نئے بجلی گھر بنائے گئے 100میگا واٹ کے قریب صوبہ کو بجلی مہیا کی گئی انہوں نے کہا کہ متحدہ مجلس عمل کی سابقہ حکومت نے صوبہ کی عوام کی خدمت کا سفر ایمانداری اور خلوص دل کے ساتھ سر انجام دیا اور ابھی تک متحدہ مجلس عمل کی حکومت پر کوئی بھی کیس سامنے نہیں آیا ۔

قدرتی آفت زلزلہ کے دوران متاثرین کی امداد کے لئے اس وقت کی متحدہ مجلس عمل کی حکومت کے پاس اربوں روپے کی امداد آئی جو صوبائی حکومت نے ایمانداری کے ساتھ زلزلہ زدگان پر خرچ کی۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ لوگوں کی خدمت کا جو سفر سابقہ ادوار میں متحدہ مجلس عمل نے شروع کیا تھا اس سفر کو ایمانداری کے ساتھ جاری رکھا جائیگا ٹانک کی غیور عوام نے ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا یہ وفاداروں کی سر زمین ہے یہاں کے باسی بھی وفادار ہیں جے یو آئی ان کی شناخت ہے مفتی محمودمرحوم ان کے رہبر تھے اور اج بھی ان کی نسبت برقرارہے یہاں کی عوام متحدہ مجلس عمل کے امیدواروں کو بھاری اکثریت سے کامیاب کرا کر جے یو ائی سے اپنی وابستگی کا ثبوت دے گی۔