سہیل آفریدی اڈیالہ پہنچے تو پولیس نے راستہ روک لیا، ملاقات نہ ہونے پر کارکنوں کیلئے اہم اعلان

آج بھی اِن کا موڈ نہیں لگ رہا کہ میری عمران خان سے ملاقات کروائیں، کارکن رات 10 بجے ہر چوک ڈی چوک بنا دیں، پی ٹی آئی اور پاکستان کا جھنڈا ساتھ رکھیں؛ وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ کی میڈیا سے گفتگو

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 13 اگست 2026 16:53

سہیل آفریدی اڈیالہ پہنچے تو پولیس نے راستہ روک لیا، ملاقات نہ ہونے ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست 2026ء) وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ محمد سہیل خان آفریدی بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل پہنچے، تاہم پولیس نے انہیں متبادل راستہ اختیار کرنے کے باوجود جیل کے قریب روک لیا۔ تفصیلات کے مطابق آج جمعرات کو اڈیالہ جیل میں بانی پی ٹی آئی سے سیاسی رفقاء کی ملاقاتوں کا دن مقرر تھا، ملاقات کرنے والوں کی فہرست میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ، صوبائی وزراء اور قومی و صوبائی اسمبلی کے اراکین شامل تھے، تاہم سہیل آفریدی کے مطابق انہیں بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ نے کہا کہ 27 ستمبر کو 20 لاکھ سے زائد لوگ لے کر نکلیں گے، یہ اِن کے لیے ڈراؤنا خواب بن چکا ہے، 27 ستمبر سے پہلے آخری بار اڈیالہ جیل آیا ہوں کہ میری عمران خان سے ملاقات کروا دیں لیکن آج بھی اِن کا موڈ نہیں لگ رہا، ایسا نہیں لگتا کہ آج بھی عمران خان سے ملاقات کرائی جائے گی، ملاقات نہیں کرائی گئی تو رات کو کارکنوں کو باہر آنے کی کال دیتے ہیں اور ہر چوک کو ڈی چوک بنانے کی اپیل کریں گے، پاکستان اور پی ٹی آئی کے جھنڈے ساتھ رکھیں، رات 10 بجے پاکستان کا ہر چوک ڈی چوک ہوگا، انہوں نے کارکنوں کو تیار رہنے کی ہدایت بھی کی۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ وہ 27 ستمبر سے قبل آج آخری مرتبہ اڈیالہ جیل آئے ہیں، آئندہ وہ اسی وقت اڈیالہ جیل آئیں گے جب انہیں باضابطہ طور پر ضمانت یا یقین دہانی دی جائے گی اور فون کرکے بتایا جائے گا کہ عمران خان سے ان کی ملاقات کرائی جا رہی ہے، ورنہ 27 ستمبر کے لانگ مارچ عوامی اجتماع کے دوران اس وقت عوام کا سمندر ہوگا اور عوام اپنا فیصلہ سنا دیں گے، موجودہ نظام کو لانے والے اور اسے تباہ کرنے والے ایک ہی ہیں، متعلقہ لوگ اپنی انا اور بغض کی وجہ سے پورے ملک کو تباہی کی طرف لے جا رہے ہیں۔