مبینہ ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کی درخواست منظور، عدالت نے ایک مقدمے میں بری کردیا

ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کی بریت کی درخواست پر فیصلہ سنا دیا

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 13 اگست 2026 16:24

مبینہ ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کی درخواست منظور، عدالت نے ایک مقدمے ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست 2026ء) کراچی کی عدالت نے مبینہ ڈرگ ڈیلر انمول عرف پنکی کی جانب سے دائر بریت کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسے منشیات کے ایک مقدمے میں بری کردیا۔ تفصیلات کے مطابق گزری تھانے میں درج منشیات کے مقدمے میں ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن عدالت نے ملزمہ انمول عرف پنکی کی بریت کی درخواست پر فیصلہ سنادیا، جہاں دوران سماعت ملزمہ کے وکیل نے مؤقف اپنایا کہ مذکورہ مقدمے میں دو شریک ملزمان پہلے ہی بری ہوچکے ہیں، جبکہ اس کیس میں انمول عرف پنکی کو شریک ملزمان کے بیانات کی بنیاد پر مقدمے میں شامل کیا گیا تھا۔

وکیل نے عدالت کے سامنے مؤقف اختیار کیا کہ جب مقدمے کے دونوں شریک ملزمان پہلے ہی بری ہوچکے ہیں تو ان کے بیانات کی بنیاد پر انمول عرف پنکی کے خلاف کارروائی جاری رکھنے کی قانونی بنیاد بھی باقی نہیں رہتی، موجودہ صورتحال میں ملزمہ کو اس مقدمے میں سزا ملنے کا کوئی امکان نہیں ہے، بعد ازاں عدالت نے دلائل اور مقدمے کے ریکارڈ کا جائزہ لینے کے بعد انمول عرف پنکی کی بریت کی درخواست منظور کرلی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ انمول عرف پنکی کے خلاف 2021ء میں کراچی کے گزری تھانے میں منشیات کا مقدمہ درج کیا گیا تھا، مقدمے کے دوران وہ مفرور قرار دی گئی تھیں، اب عدالت کی جانب سے بریت کی درخواست منظور کیے جانے کے بعد مذکورہ مقدمے میں ان کے خلاف کارروائی ختم ہوگئی۔