پرائیویٹ تعلیمی سیکٹر میں قائم تعلیمی ادارے حکومت کا بوجھ کم کر رہے ہیںجس کا حکومتی سطح پر اعتراف ہونا چاہیے‘اسلم حجازی

ریڈ فاؤنڈیشن نے گزشتہ اور حالیہ شاندار نتائج سے اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے،حکومت ہماری مالی سر پرستی کرے تو مزید بہتر نتائج دے سکتے ہیں‘جنرل منیجر ریڈ فائونڈیشن

اتوار 22 جولائی 2018 14:00

کوٹلی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) جنرل منیجر ریڈ فاؤنڈیشن اسلم حجازی نے کہا ہے کہ قوم کو علم دینے کی ذمہ داری ریاست کی ہوتی ہے،پرائیویٹ تعلیمی سیکٹر میں قائم تعلیمی ادارے حکومت کا بوجھ کم کر رہے ہیںجس کا حکومتی سطح پر اعتراف ہونا چاہیے۔ریڈ فاؤنڈیشن نے گزشتہ اور حالیہ شاندار نتائج سے اپنی قابلیت کا لوہا منوایا ہے،حکومت ہماری مالی سر پرستی کرے تو مزید بہتر نتائج دے سکتے ہیں۔

ہمارے بچوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ،موقع فراہم کیا جائے تو ہماری قوم ’’معجزے‘‘دکھا سکتی ہے۔ہم کسی کے خلاف نہیں ہیں مگر ہماری کارکردگی سب کے سامنے ہے کہ پرائیویٹ سیکٹر کے دیگر تعلیمی ادارے دیہاتوں کا رُخ نہیں کرتے کیونکہ رورل ایریا میں مالی فائدہ نہیں ہوتا لیکن ریڈفاؤنڈیشن نے علم کا یہ سفر دیہاتوں سے ہی شروع کیا جس کے بعد یہ بات تسلیم کی جاری ہے کہ ریڈفاؤنڈیشن مالی فائدے کے لیے نہیں بنایا گیا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار اُنھوں نے ڈسٹرکٹ پریس کلب کوٹلی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ہیڈ آف ڈیپارٹمنٹ شاہ زیب حنیف،ریجنل منیجر ریڈ فاؤنڈیشن مدثر ہاشمی،ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ آفیسر عدنان ملک،حبیب الرحمان آفاقی،زاہد حسن،اسرار احمد،مسعود احمد،شبیراحمد،ڈاکٹر شفقت شاہ کے علاوہ ہائی سکولز اور کالجز کے پرنسپل حضرات نے شرکت کی۔

کوٹلی سے پوزیشن حاصل کرنے والی ریڈفاؤنڈیشن کی ہونہار طالبات بھی اس موقع پر موجود تھیں۔اسلم حجازی کا کہنا تھا کہ ریڈ فاؤنڈیشن کے 384اداروں میں 1لاکھ سے زائد بچے زیور تعلیم سے آراستہ ہورہے ہیں جن میں سی10ہزار یتیم بچے جن میں سے بعض کی مائیں بھی دنیا فانی سے کوچ کرچکی ہیں کو ہم فری تعلیم دے رہے ہیں ۔ اسکے علاوہ بہت سے بچے ایسے بھی ہیں جو یتیم نہیں ہیں مگر اُن کے والدین اُنھیں تعلیم دینے کی مالی پوزیشن میں نہیں ہیں ہمارا ادارہ ان مستحق بچوں کو بھی مفت تعلیم کی سہولت فراہم کر رہا ہے۔

اُن کا کہنا تھا کہ پبلک سیکٹر میں تعلیم کے شعبہ میں انحطاط نے پرائیویٹ سیکٹر کے ذریعے تعلیم کی فراہمی کی راہ ہموار کی ،ریڈ فاؤنڈیشن وہ ادارہ ہے جس نے قوم کے بچوں کو تعلیم دینے کا جو بیڑا اُٹھایا تھا الحمد اللہ ہم اُس میںکامیاب رہے ہیں اور یہ بات ہم زبانی کلامی نہیں کہہ رہے بلکہ ہمارے ادارے کے گزشتہ چند سالوں میں تسلسل سے آنے والے امتحانی نتائج بتا رہے ہیں۔

اُنھوں نے کہا کہ حکومت وقت نے این ٹی ایس کے ذریعے اساتذہ کی میرٹ پر بھرتی کا کارنامہ سرانجام دیا ہے جسے ہم قدر کی نگاہ سے دیکھتے ہیں کہ پبلک سیکٹر میں اس عمل سے بہتری آئے گی ،اگر حکومت اسی طرح کے اقدامات پرائیویٹ سیکٹر کے تعلیمی اداروں کو مالی فائدہ دینے کے لیے اُٹھائے تو حکومتی تعلیمی انقلاب کے اعلانات پر کافی حد تک عمل درآمد ہوسکتا ہے۔

اُنھوں نے نتائج کے حوالے سے بتایا کہ میرپور بورڈ میں پہلی اور دوسری پوزیشن سمیت ٹاپ ٹونٹی پوزیشن پر ہمارے ادارے کی34بچوں نے اپنے نام لکھوائے ہیں جو کہ ایک تاریخ ساز کارنامہ ہے۔اسلم حجازی نے کوٹلی ریجن کے کالجز کی طالبات کا خصوصی ذکر کیاکہ ثناہ شاہ ولد شوکت حسین شاہ نے ریڈفاؤنڈیشن پنجیڑہ کالج سے 1063نمبر لیکر ٹاپ ٹونٹی میں14thجبکہ لائبہ شمس ولد شمس الزماں نے ریڈ فاؤنڈیشن کالج سرساوہ سے 1061نمبر لیکر بورڈ میں 16th پوزیشن حاصل کی ہے جو کوٹلی کے لیے اعزاز کی بات ہے جس پر بچوں کے والدین ،اداروں کے پرنسپل عفیف اکبر ، کلیم اور جملہ سٹاف کو مبارک باد پیش کرتے ہیں ۔

اُنھوں نے ریجن کوٹلی کی قیادت بالخصوص ریجنل منیجر مدثر ہاشمی،ای ٹی او عدنان ملک اور ای ٹی او اسرار ملک کو بھی اس شاندار کامیابی پر مبارک باد پیش کی۔اُنھوں نے یہ بھی بتایا کہ ہم بچوں کی حوصلہ افزائی کے لیے بورڈ ٹاپ کرنے والے طالب علم بابر حسین کو ریڈ فاؤنڈیشن کی طرف سے 1لاکھ کیش ،دوسری پوزیشن ہولڈر کو 50ہزار جبکہ باقی پوزیشن ہولڈر کو15,15ہزار روپے بطور انعام دے رہے ہیں۔اُنھوں نے آخر میں ڈسٹرکٹ پریس کلب کوٹلی کے تمام ممبران کا اس اہم مقصد میں ساتھ دینے پر شکریہ ادا کیا جبکہ ڈسٹرکٹ پریس کلب کوٹلی کے صدر زاہد آصف سلطان نے شاندار نتائج دینے پر ریڈ فاؤنڈیشن کے ذمہ داران ،سٹاف اور پوزیشن ہولڈر بچوں کو مبارک باد پیش کی۔

متعلقہ عنوان :