پیر جو گوٹھ میں پیپلزپارٹی اور فنکشنل لیگ کے کارکنان میں تصادم، لاٹھیوں کا آزادانہ استعمال،دس سے زائد کارکنان زخمی ہوگئے

اتوار 22 جولائی 2018 23:00

خیرپور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 جولائی2018ء) پیر جو گوٹھ میں پیپلزپارٹی اور فنکشنل لیگ کے کارکنان میں تصادم، لاٹھیوں کا آزادانہ استعمال، ہوائی فائرنگ سے پیپلزپارٹی کا ایک کارکن جاں بحق جبکہ دس سے زائد زخمی ہوگئے،زخمیوں کوطبی امداد کے لئے سول ہسپتال خیرپور منتقل کردیاگیا۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق خیرپور کے علاقے گاڑھی موری میں پیپلزپارٹی این اے 210 کے امیدوار جاوید شاہ جیلانی اور پی ایس32 کے امیدوار نواب وسان کی ریلی جیسے ہی پیر جوگوٹھ پہنچی تو فنکشنل لیگ اور پی پی کارکنان میں جھگڑا ہوگیا، دونوں پارٹیوں کے کارکنان نے لاٹھیوں اور پتھراؤ کا آزادانہ استعمال کیا، جس کے نتیجے میں پیپلزپارٹی کا ایک کارکن یاسرکلہوڑوجاں بحق جبکہ دس سے زائد کارکنان زخمی ہوگئے، جنہیں طبی امداد کے لئے سول ہسپتال خیرپور منتقل کردیا گیا ہے۔

پیر جو گوٹھ پولیس کے مطابق واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں، ذمہ داران کے خلاف قانونی کاروائی عمل میں لائی جائے گی ، جبکہ پیپلزپارٹی کے امیدوار جاوید شاہ اور نواب وسان کا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی نے ہمیشہ امن و امان کی فضاء کو قائم رکھنے کے لئے کردار ادا کیا ہے، ریلی پر حملے کا واقعہ انتہائی افسوسناک ہے ، پولیس سے صاف و شفاف تحقیقات کرانے کی اپیل کرتے ہیں۔