کی- الیکٹرک کی ملکیت سے متعلق اہم انکشافات،کمپنی سیکریٹری نے مکتوب اسٹاک ایکسچینج کو بھجوا دیا

کی-الیکٹرک کی ملکیت کیس پاور کے پاس ہے اور اس میں شہریار چشتی کی براہِ راست کوئی سرمایہ کاری نہیں،مکتوب

جمعہ 17 اکتوبر 2025 16:01

کی- الیکٹرک کی ملکیت سے متعلق اہم انکشافات،کمپنی سیکریٹری نے مکتوب ..
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) کی- الیکٹرک کی ملکیت سے متعلق اہم انکشافات سامنے آئے، کمپنی سیکریٹری نے مکتوب اسٹاک ایکسچینج کو بھجوا دیا۔تفصیلات کے مطابق کی-الیکٹرک کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے رکن شان اشعری کا مکتوب کمپنی سیکریٹری نے اسٹاک ایکسچینج کو ارسال کردیا، جس میں کی-الیکٹرک کی ملکیت اور انتظامی کنٹرول سے متعلق اہم تفصیلات سامنے آئی ہیں۔

مکتوب میں کہا ہے کہ کی-الیکٹرک کی ملکیت کیس پاور کے پاس ہے اور اس میں شہریار چشتی کی براہِ راست کوئی سرمایہ کاری نہیں، کیس پاور میں الجمومیہ گروپ، دینہم انوسمنٹ اور ایس پی وی 21 نے سرمایہ کاری کر رکھی ہے۔مکتوب میں بتایا گیا ہے کہ ایس پی وی 21 کے کیس پاور میں ڈائریکٹر کیسی میکڈونلڈ ہیں، اور صرف وہی قانونی طور پر حصص کی فروخت کے مجاز ہیں۔

(جاری ہے)

دستاویز میں مزید کہنا تھا کہ کیسی میکڈونلڈ اور ایس پی وی 21 کو پر شیئرہولڈنگ معاہدے کے تحت کمپنی کے انتظامی کنٹرول میں تبدیلی پر پابندی عائد ہے تاہم شہریار چشتی نے ایس پی وی 21 کی شقوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے الجمومیہ پاور یا دینہم انوسمنٹ کی رضامندی کے بغیر کمپنی کا کنٹرول حاصل کرنے کی کوشش کی۔ذرائع کے مطابق، الجمومیہ گروپ اور دینہم انوسمنٹ نے شہریار چشتی کے اس اقدام کے خلاف کیمن آئی لینڈ کی گرینڈ کورٹ میں مقدمہ دائر کر رکھا ہے، جس کی سماعت جاری ہے۔

مکتوب میں مزید کہا گیا ہے کہ شہریار چشتی کے پاس KESP میں کسی بھی حصص کی فروخت کا حق یا اختیار موجود نہیں، جبکہ عدالت نے قرار دیا ہے کہ ایس پی وی 21 پر کنٹرول حاصل کرنے کی کسی بھی کوشش کو شیئر ہولڈنگ معاہدے کی خلاف ورزی تصور کیا جائے گا۔