غربت کا خاتمہ عزتِ نفس اور انصاف کا تقاضا ہے، وزیراعلی سندھ

جمعہ 17 اکتوبر 2025 16:17

غربت کا خاتمہ عزتِ نفس اور انصاف کا تقاضا ہے، وزیراعلی سندھ
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اکتوبر2025ء) وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے غربت کے خاتمے کے بین الاقوامی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ سندھ حکومت عوامی فلاح، سماجی انصاف اور پائیدار ترقی کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سال عالمی دن خاندانوں کے احترام اور مثر معاونت کے ذریعے سماجی و ادارہ جاتی بدسلوکی کے خاتمے کے عنوان سے منایا جا رہا ہے، جو غربت کے خاتمے میں خاندانوں کے مضبوط کردار کو اجاگر کرتا ہے۔

وزیراعلی سندھ نے کہا کہ غربت کا خاتمہ صرف معیشت کا نہیں بلکہ عزتِ نفس، انصاف اور انسانی وقار کا تقاضا ہے۔ سندھ حکومت تعلیم، صحت اور روزگار کے مواقع فراہم کر کے غربت کے خلاف ایک جامع حکمتِ عملی پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ غربت کے خاتمے کے لیے خاندانوں کو بااختیار بنانا، خواتین اور نوجوانوں کی شمولیت کو یقینی بنانا ہماری اولین ترجیح ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعلی سندھ نے بتایا کہ سندھ حکومت نے سماجی تحفظ کے کئی پروگرام شروع کیے ہیں جو ورلڈ بینک کے تعاون سے غربت میں کمی لانے میں مثر ثابت ہوئے ہیں۔ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ پاکستان میں غربت کے خاتمے کے لیے صوبوں کو متحد ہو کر کام کرنا ہوگا۔ ادارہ جاتی شفافیت اور سماجی انصاف کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں آج کے دن یہ عہد کرنا چاہیے کہ ہم ایک دوسرے کا سہارا بنیں تاکہ کوئی بچہ بھوکا نہ سوئے۔ آخر میں انہوں نے کہا کہ عالمی برادری کے ساتھ مل کر ایک ایسا پاکستان تعمیر کرنا ہمارا ہدف ہے جو غربت سے پاک ہو۔