ہائیکورٹ کے فیصلے کے مطابق نیشنل کونسل فار طب کے رجسٹرڈ حکیم ،طبیب ،جراح پریکٹس کرنے کے مجاز ہیں‘ ترجمان نیشنل کونسل فارطب

منگل 24 جولائی 2018 16:15

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2018ء) نیشنل کونسل فارطب کے رجسٹرڈ اطباء /جراح/ وید کو پریکٹس کرنے کا قانونی حق حاصل ہے ، نیشنل کونسل فارطب کا کام رجسٹریشن، ایجوکیشن، امتحان اورطبیہ کالجو ںکے قیام کی منظوری دینا شامل ہے ،لاہور ہائیکورٹ لاہور بنچ نے پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن بمقابلہ متفرق کیس میں فیصلہ سناتے ہوئے عطائیوںکے کلینک /مطب بند کرنے کا پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن کا اختیار قانونی قرار دے دیا ہے ، ہائیکورٹ نے اپنے فیصلے میں واضح لکھا ہے کہ نیشنل کونسل فارطب ، نیشنل کونسل فارہومیو پیتھی ، پاکستان میڈیکل اینڈ ڈینٹل کونسل اورپاکستان نرسنگ کونسل سے رجسٹرڈ معالجین کو علاج معالجہ کا قانونی حق حاصل ہے ،تاہم متعلقہ کونسلوں سے رجسٹرڈ تمام معالجین اپنے مطب /کلینک کا پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن سے لائسنس حاصل کریں -ترجمان /چیئرمین امتحانی کمیٹی نیشنل کونسل فارطب حکیم محمد احمد سلیمی نے میڈیا کو وضاحتی بیان جاری کرتے ہوئے بتایا ہے کہ لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے بعد بعض عناصر اطباء کے پریکٹس کرنے کے قانونی حق کے خلاف منفی پروپیگنڈا کررہے ہیں- انہوں نے ایسے پروپیگنڈے کو سختی سے رد کرتے ہوئے واضح طور پر بتایا کہ نیشنل کونسل فار طب کے رجسٹرڈ اطباء /وید / جراح علاج معالجہ کا قانونی حق رکھتے ہیں ، لاہور میں اطباء کے ایک وفد نے پاکستان طبی کانفرنس پنجاب کے صدر اور چیئرمین فارما کوپیا کمیٹی پروفیسر حکیم حافظ محمد یونس کی قیادت میں ترجمان نیشنل کو نسل فار طب حکیم محمد احمد سلیمی سے ان کے دفتر میں ملاقات کی اور لاہور ہائیکورٹ کے فیصلہ کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال پر بات چیت کی - وفد میں حکیم سید عمران فیاض ، حکیم افضل میو ، حکیم احمد حسن نوری ، حکیم محمد اسماعیل ، حکیم طاہر نوید جنجوعہ ، حکیم امجد وحید بھٹی ، حکیم حامد محمود ، حکیم عطاء الرحمان صدیقی ، حکیم سکندر حیات زاہد ، حکیم شاہد محمود ناز ، حکیم محمد یوسف ، حکیم احسان الرحمان سحری اور دیگر اطباء شامل تھی- حکیم احمد سلیمی نے وفد کو بتایا کہ اطباء کو پریکٹس کرنے کے قانونی حق سے کوئی محروم نہیں کرسکتا تاہم پنجاب ہیلتھ کئیر کمیشن ایک قانونی ادارہ ہے اور تمام معالجین کو اپنے مطب / کلینکس کو چلانے کے لیے اس ادارہ سے لائسنس حاصل کرنا ہوگا- اسی طرح دوسرے صوبوں کے اطباء حضرات اپنے اپنے صوبائی ہیلتھ کئیر کمیشن سے اپنے کلینک /مطب کا لائسنس حاصل کریں-