ضلع بنوں سمیت کئی قبائلی اضلاع میں متعدد پولنگ سٹیشنوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے احکامات جاری کردیئے گئے

منگل 24 جولائی 2018 19:10

کوہاٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 24 جولائی2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے متعلقہ ضلعی ریٹرننگ افسروں کی درخواست پرضلع بنوں سمیت کئی قبائلی اضلاع میں متعدد پولنگ سٹیشنوں کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنے کے احکامات جاری کردیئے جن کے مطابق ضلع بنوں کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 35 اور صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی کے 90میں چار پولنگ سٹیشن شامل ہیں۔

جاری کئے گئے نوٹیفیکیشن کے مطابق بنوں میں پولنگ سٹیشن نمبر37 گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول گڑھی شیراحمد سے ویلج کونسل دفتر شیراحمد‘ پولنگ سٹیشن نمبر38 گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول کوٹکہ امام شام مٴْلاگان سے گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول وولن ملز بنوں‘ پولنگ سٹیشن نمبر45 گورنمنٹ گرلز پرائمری سکول پیران داؤدشاہ سے گورنمنٹ گرلز ہائی سکول پیران خان بادشاہ اور پولنگ سٹیشن نمبر60 گورنمنٹ گر لزمڈل سکول ڈیری سیدان سے گورنمنٹ گرلزمڈل سکول ڈیری گانڈی منتقل کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

قبائلی ضلع شمالی وزیرستان کے حلقہ این اے 48 میں تحصیل بلڈنگ دتہ خیل میںقائم دو پولنگ سٹیشن منتقل کرکے شمالی وزیرستان کے متاثرین کے لئے بکا خیل کیمپ میں قائم کردیئے گئے ہیں۔ اسی طرح ضلع مہمند کے حلقہ این اے 42 میں ایک پولنگ سٹیشن بمقام گورنمنٹ پرائمری سکول گلستان چناری سے بنیادی صحت مرکز شیخ بابا منتقل کردیا گیا ہے۔ کوہاٹ سے ملحقہ قبائلی ضلع اورکزئی کے حلقہ این اے 47 میں پانچ پولنگ سٹیشنوں میں تبدیلیاں کی گئی ہیں جہاں گورنمنٹ ہائی سکول دڑادڑ مامازئی ‘گورنمنٹ پرائمری سکول کربوغہ مامازئی اور گورنمنٹ پرائمری سکول خواجہ حضر میں قائم چار پولنگ سٹیشنوں کو تبدیل کرکے گورنمنٹ ہائی سکول سیفل درہ منتقل کردیا گیا ہے جبکہ گورنمنٹ ہائی سکول مینز گڑھی میں قائم پولنگ سٹیشن کواسسٹنٹ ڈائریکٹر ایگریکلچر آفس ہنگو منتقل کیا گیا ہے۔

اسی طرح ضلع جنوبی وزیرستان کے حلقہ این اے 49 اور50 میں بھی متعلقہ ضلعی ریٹرننگ افسر کی تجویز پر دس پولنگ سٹیشنوں کے مقامات تبدیل کردئے گئے ہیں۔نوٹیفیکیشن کے مطابق پشاور‘ مردان‘ سوات‘ ایبٹ آباد ‘ ہری پوراور بونیر اضلاع میں بھی متعدد پولنگ سٹیشنوں میں تبدیلی کی گئی ہے۔