چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ووٹ کاسٹ کر دیا

میں نے 25 جولائی کو الیکشن کروانے کا اپنا وعدہ پورا کیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 25 جولائی 2018 12:24

چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے ووٹ کاسٹ کر دیا
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 25 جولائی 2018ء) : چیف جسٹس آف پاکستان میاں ثاقب نثار نے بھی اپنا ووٹ کاسٹ کر دیا۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے لاہور کے حلقہ این اے 130 کے برکت مارکیٹ میں گورنمنٹ ماڈل گرلز ہائی اسکول پولنگ اسٹیشن میں ووٹ کاسٹ کیا۔ چیف جسٹس آف پاکستان کے ہمراہ ان کا سکیورٹی عملہ بھی موجود تھا۔

پولنگ اسٹیشن سے باہر آتے ہوئے چیف جسٹس نے میڈیا نمائندوں سے کہا کہ میں نے 25 جولائی کو الیکشن کروانے کا اپنا وعدہ پورا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قوم کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے صحیح رہنما کے لیے ووٹ کاسٹ کریں۔ لاہور کے حلقہ این اے 130 میں پاکستان تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود اور پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنما خواجہ احمد حسان کے مابین کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔

(جاری ہے)

این اے 130 میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 483914 ہے جن میں 256197 مرد اور 227717 خواتین شامل ہیں۔ خیال رہے کہ آج عام انتخابات 2018ء کے لیے صبح 8 بجے سے پولنگ کا عمل جاری ہے جو شام 6 بجے تک بلا تعطل جارری رہے گا۔ عام انتخابات کے پیش نظر جہاں آج ملک بھر میں عام تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے وہیں چیف جسٹس آف پاکستان سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں آج بھی عدالت لگائیں گے۔

سپریم کورٹ کی جانب سے جاری اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ 25 جولائی کوعام انتخابات کے لیے پولنگ کے پیش نظر ملک بھر میں عام تعطیل ہے جبکہ عدالتی عملے کے لیے بھی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے لیکن چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار 25 جولائی کو بھی عدالت لگائیں گے اور ضروری مقدمات کی سماعت کریں گے۔ اعلامیہ کے مطابق آج عام انتخابات کے دن چیف جسٹس لاہور رجسٹری میں موجود ہوں گے۔