بلوچستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کا کوئٹہ میں خودکش حملہ میں پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار

بدھ 25 جولائی 2018 23:04

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 25 جولائی2018ء) بلوچستان کی مختلف سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں نے کوئٹہ میں ہونے والے خودکش حملہ میں پولیس اہلکاروں اور عام شہریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کے واقعات سے ہمارے حوصلے پست نہیں ہونگے عوام نے نکل کر حقیقی معنوں میں جمہوریت کے لئے اپنا کردار ادا کر دیا اور دہشت گردوں کو شکست دے دی سانحہ مستونگ اور سانحہ کوئٹہ جیسے واقعات کی روک تھام کے لئے سب کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل ‘ پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی صدر عثمان خان کاکڑ ‘ عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر اصغر خان اچکزئی ‘ جمعیت علماء اسلام کے سابقہ پارلیمانی لیڈر ‘ مولانا عبدالواسع ‘ انجینئرر زمرک خان اچکزئی ‘ پیپلزپارٹی کے صوبائی صدر میر علی مدد جتک نے کوئٹہ میں ہونے والے واقعہ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انتخابات کے موقع پر اس طرح کے واقعات رونما ہونا انتہائی بزدلانہ عمل ہے اور اس عمل کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے ہم سمجھتے ہیں انتخابات کے موقع پر عوام کو تحفظ دینا نگران حکومت اور الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے مگر افسوس کے ساتھ کہنا پڑتا ہے کہ تمام تر حالات کے باوجود عوام کو تحفظ فراہم نہیں کیا گیا اس سے قبل 13 جولائی کو مستونگ میں جو بڑا واقعہ رونما ہوا لیکن اس کے باوجود حالات کی بہتری میں کسی نے اپنا کردار ادا نہیں کیا مگر اس کے باوجود عوام نے نکل کر تبدیلی کے لئے پولیس اسٹیشنوں کا رخ کرکے ووٹ ڈالا اور جمہوری نظام کی مضبوطی کے لئے بھی اپنا کردار ادا کیا انہوں نے کہا کہ اب دہشت گردوں نے عام لوگوں کو بھی نشانہ بنایا اس کے لئے ہم سب ملکر اپنا کردار ادا کرنا چاہئے ۔