ہریانہ بالا پولنگ اسٹیشن میں بیلٹ پیپرز ختم ہونے کے بعد مخالف جماعت کے کارکن کو مزید بیلٹ پیپرز لانے کیلئے بھیجا گیا،نور عالم خان کا الزام

جمعرات 26 جولائی 2018 00:30

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 26 جولائی2018ء) قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 27 پشاور 1 سے تحریک انصاف کے اُمیدوار نور عالم خان نے الزام عائد کیا کہ ہریانہ بالا پولنگ اسٹیشن میں بیلٹ پیپرز ختم ہونے کے بعد مخالف جماعت کے کارکن کو مزید بیلٹ پیپرز لانے کیلئے بھیجا گیا جو کہ قانون کی خلاف ورزی اور کھلم کھلا دھاندلی ہے۔ میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے نور عالم خان کا کہنا تھا کہ انہیں پولنگ اسٹیشن میں موجود کارکنان نے فون پر بتایا کہ ہریانہ بالا پولنگ اسٹیشن میں بیلٹ پیپرز ختم ہوگئے تھے جس کو لانے کی ذمہ داری پریزائڈنگ آفیسر نے مخالف سیاسی جماعت جمعیت علماء اسلام کے کارکن کو دے دی ، انہوں نے کہا کہ بیلٹ پیپرز لانا الیکشن کمیشن اور ان کے نامزد کردہ سرکاری ملازمین کی ذمہ داری ہوتی ہیں غیر متعلقہ افراد کا پولنگ مٹیریل لانا نہ صرف غیر قانونی ہے بلکہ یہ کھلم کھلا دھاندلی بھی ہے۔

(جاری ہے)

نور عالم خان نے کہا کہ انہوں نے پولنگ اسٹیشن پرپہنچ کر پریزائڈنگ آفیسر کو آگاہ کردیا ہے کہ اس طرح کرنے سے نتائج متنازعہ بن سکتے ہیں لہٰذا اس طرح کی سرگرمیوں کیلئے وہ اپنے سرکاری ملازمین کو استعمال کیا کریں۔ دوسری جانب پولنگ اسٹیشن میں موجود پریزائڈنگ آفیسر زاہد اللہ خان نے تحریک انصاف کے اُمیدوار نور عالم خان کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے نے صحافیوں کو بتایا کہ اُن کے پاس بیلٹ پیپرز کافی تعداد میں موجود ہے صرف ایک خاص قسم کی سیاہی جو ووٹنگ کے دوران انگھوٹے پر لگانے کیلئے استعمال ہوتی ہے وہ ختم ہوگئی تھی جس کیلئے انہوں نے متعلقہ افسران کو فون کرکے بتایا تو انہوں نے کسی بھی غیر متنازعہ شخص کو اتھارٹی لیٹر دینے اور سیاہی پہنچانے کا کہا تھا تاہم انہوں نے اس سلسلہ میں نور عالم خان کو بھی یقین دہانی کروادی ہے۔