Live Updates

لاہور کے حلقہ این اے 126 سے پاکستان تحریک انصاف کامیاب

پی ٹی آئی رہنما حماد اظہر نے ن لیگی رہنما مہر اشتیاق کو شکست دے دی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین جمعرات 26 جولائی 2018 11:55

لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 26 جولائی 2018ء) : لاہور کے حلقہ این اے 126 سے پاکستان تحریک انصاف کامیاب ہو گئی ۔ لاہور کے حلقہ این اے 126 کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے تحت پاکستان تحریک انصاف کے رہنما حماد اظہر نے مسلم لیگ ن کے رہنما مہر اشتیاق کو شکست دے دی ہے۔ حماد اظہر حلقہ این اے 126 سے ایک لاکھ 5 ہزار 434 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے جبکہ ن لیگی رہنما مہر اشتیاق نے ایک لاکھ 2 ہزار 667 ووٹ حاصل کیے۔

خیال رہے کہ گذشتہ روز دن بھر عوام نے پولنگ اسٹیشنز کا رُخ کیا اور اپنے پسندیدہ اُمیدوار اور جماعت کو ووٹ ڈالا۔ انتخابات 2018ء کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ جاری ہے۔ بدھ کے روز ہونے والے پاکستان کے عام انتخابات کے سلسلے میں پولنگ شام 6 بجے ہی ختم ہوگئی تھی۔

(جاری ہے)

پولنگ ختم ہونے کے ایک گھںٹے بعد غیر سرکاری غیر حتمی نتائج آنے کا سلسلہ شروع ہوا۔

اس سلسلے میں قومی اسمبلی کی 272 میں سے 260 نشستوں کے 20 سے 25 فیصد پولنگ اسٹیشنز کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج بھی سامنے آ چکے ہیں۔ اب تک موصول ہونے والے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج کے مطابق تحریک انصاف باقی جماعتوں پر برتری حاصل کیے ہوئے ہے۔ قومی اسمبلی کی 272 میں سے 260 نشستوں کے غیر سرکاری غیر حتمی نتائج میں سے تحریک انصاف اب تک کل 120، ن لیگ کو 61، پیپلز پارٹی کو 40 جبکہ آزاد اُمیدواروں 16 نشستوں پر برتری حاصل ہے۔

مسلم لیگ ن کو عام انتخابات 2018ء میں کئی نمایاں اور اہم حلقوں سے شکست کا سامنا رہا جس پر دلبرداشتہ ہو کر مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے دیگر پارٹی رہنماؤں کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گذشتہ روز انتخابات میں دھاندلی ہونے کا الزام اعائد کیا ۔ جس پر چیف الیکشن کمشنر سردار رضا خان نے سیاسی جماعتوں کی جانب سے لگائے جانے والے دھاندلی کے الزامات کو مسترد کیا۔ مسلم لیگ ن کی عام انتخابات 2018ء میں شکست اور کم نشستوں پر کامیابی کے پیش نظر مسلم لیگ ن کے کئی رہنماؤں نے پاکستان تحریک انصاف سے روابط بھی شروع کر دیئے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات