Live Updates

پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو برادر اور دوست ممالک کی جانب سے تہنیتی پیغامات کا سلسلہ جاری

جمعہ 27 جولائی 2018 21:36

پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو برادر اور دوست ممالک کی جانب سے تہنیتی ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 27 جولائی2018ء) عام انتخابات میں اکثریتی جماعت بننے کے بعد پاکستان تحریک انصاف کی قیادت کو برادر اور دوست ممالک کی جانب سے تہنیتی پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ جمعرات کو اپنے خطاب میں چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان نے سعودی عرب، چین، امریکہ، افغانستان اور بھارت سمیت پڑوسی ممالک کے ساتھ دوستانہ اور خوشگوار تعلقات کی اپنی خواہش کا اظہار کیا تھا۔

تحریک انصاف کی قیادت کو دوست ممالک کی جانب سے پیغامات کا سلسلہ جاری ہے۔ پاکستان میں افغانستان کے سفیر عمر زاخیل وال نے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو عام انتخابات میں کامیابی پر مبارکباد دی ہے۔ سماجی میل جول کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمر زاخیل وال نے کہا کہ پاکستان میں قیام کے دوران افغانستان کے حوالہ سے خیرمقدمی مؤقف اختیار کرنے پر ان کے قریبی دوستانہ تعلقات قائم ہوئے، ہمیں یقین ہے کہ پاکستان افغانستان میں امن، استحکام اور افغان پناہ گزینوں کیلئے تعمیری کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

چین نے پاکستان میں پرامن اوراحسن انداز میں انتقال اقتدارکے مرحلے کی تکمیل کی امیدظاہرکرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں کسی تبدیلی سے قطع نظر پاک چین سدابہارتعاون اورسٹریٹجک شراکت داری ایک اٹوٹ رشتہ ہے۔ چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے کہا ہے کہ چین نے پاکستان میں عام انتخابات کے مرحلہ کا گہری نظر سے مشاہدہ کیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ پاکستان میں انتقال اقتدار کامرحلہ خوش اسلوبی سے مکمل ہو گا اور یہ پاکستان کی ترقی اوراستحکام کیلئے خوش آئند ثابت ہوگا۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چین کے ساتھ تعلقات کے حوالہ سے پاکستان کی پالیسی کا اعادہ کیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان میں کوئی بھی جماعت برسر اقتدار ہو، اس سے کوئی فرق نہیں پڑتا، دونوں ممالک کے درمیان دوستی کارشتہ برقرار رہے گا۔ ترجمان نے کہا کہ چین نے عمران خان کے ریمارکس کو مثبت انداز میں لیا ہے اور ہمیں یقین ہے کہ پاکستان میں تمام طبقہ ہائے فکر سے تعلق رکھنے والے لوگ پاک۔

چین دوستی اورتعلقات پر یقین رکھتے ہیں۔ ترجمان نے کہاکہ پاکستان میں کسی تبدیلی سے قطع نظر پاک چین سدا بہار تعاون اورسٹرٹیجک شراکت داری ایک اٹوٹ رشتہ ہے۔ سعودی عرب کے اخبار عرب نیوز کو ایک انٹرویو میں چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان خصوصی تعلقات قائم ہیں اور وہ ان تعلقات کو مزید فروغ دینے کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے دیگر ممالک کے ساتھ تعلقات قائم ہیں تاہم سعودی عرب کے ساتھ ہمارے تعلقات مثالی ہیں کیونکہ سعودی عرب نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کی مدد کی ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات