Live Updates

چیف جسٹس نے نو منتخب پی ٹی آئی رہنما کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا

پی ٹی آئی رہنما ندیم عباس بارا کو اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی وجہ سے گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان اتوار 29 جولائی 2018 11:27

چیف جسٹس نے نو منتخب پی ٹی آئی رہنما کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔29جولائی 2018ء) چیف جسٹس نے پی ٹی آئی نومنتخب ایم پی اے ندیم عباس بارا کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا۔پی ٹی آئی رہنما ندیم عباس بارا کو اہلکاروں کو تشدد کا نشانہ بنانے کی وجہ سے گرفتار کرنے کا حکم دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں مقدمات کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے پی ٹی آئی کے ندیم عباس بارا کے ڈیرے پر فائرنگ اور پولیس پر تشدد کا ازخود نوٹس لیا۔

اس موقع پر آئی جی پنجاب سید کلیم امام اور دیگر افسران عدالت کے روبرو پیش ہوئے اور بتایا کہ اہلکاروں پر تشدد کرنے والے 50 افراد کے خلاف دہشت گردی کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب نے عدالت کو مزید بتایا کہ اہلکاروں کو تشدد کے الزام میں 21 افراد کو گرفتار کیا گیا ہے جبکہ 28 ملزمان مقدمے میں نامزد ہیں۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس پاکستان نے معاملے پر ازخود نوٹس لیتے ہوئے تحریک انصاف کے نومنتخب ایم پی اے ندیم عباس بارا کو گرفتار کرنے کا حکم دیا۔

مسلم لیگ ن کا گڑھ سمجھے جانے والے شہروں میں تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کا صفایا کر ڈالا ہے۔ اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کے قلعے لاہور میں بھی دراڑ ڈال دی ہے۔این اے 126 سے حماد اظہر،،این اے 130 سے شفقت محمود ،این اے 133سےعمران خان اور این اے 136 سے ملک کرامت علی کھوکھر نے فتح سمیٹی۔اس کے علاوہ بڑی تعداد میں ممبر صوبائی اسمبلی بھی لاہور سے منتخب ہوئے جن میں محمود الرشید ،ندیم عباس بارا،،چوہدری اسلم اور دیگر شامل ہیں تاہم کھلاڑیوں کو تاریخی فتح ہضم نہ ہوسکی۔

این اے 136سے لیگی امیدوار سیف الملوک کھوکھر کو شکست دے کر فتح اپنے نام کرنے والے ملک کرامت علی کھوکھر کے ڈیرے پر جب فتح کی خبر پہنچی تو کھلاڑی آپے سے باہر ہو گئے اور انہوں نے قانون کی دھجیاں بکھیرتے ہوئے اندھا دھند ہوائی فائرنگ کی۔اسی طرح ایس ایچ او تھانہ ہنجروال کھلاڑیوں کو اس قانون شکنی سے روکنے پہنچے اور وہاں موجود تمام کارکنوں کو گرفتار کر لیا جس پر پی پی 161 سے نو منتخب ایم پی اے ندیم عباس بارا آپے سے باہر ہوگئے اور انہوں نے ایس ایچ او پر تشدد کیا اور اس کا سر پھاڑ ڈالا۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات