کراچی سمیت سندھ بھر میں گرمیوں کی تعطیلات کے بعدتدریسی عمل کا آغاز ہوگیا

ابتدائی دنوں میں اسکولوں میں بچوں کی حاضری کم رہتی ہے۔ 14 اگست کے بعد تدریسی عمل کا مکمل آغاز ہوگا، اساتذہ

بدھ 1 اگست 2018 23:04

کراچی ۔ یکم اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 01 اگست2018ء) کراچی سمیت سندھ بھر میں گرمیوں کی تعطیلات کے بعدتدریسی عمل کا آغاز ہوگیا ہے۔ تعلیمی ادارے دوبارہ کھل گئے لیکن طلبا کی حاضری کم رہی۔تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت صوبہ سندھ کے سرکاری اور نجی تعلیمی اداروں میں موسم گرما کی تعطیلات ختم ہوگئی ہیں، تدریسی عمل شروع ہونے سے تعلیمی اداروں کی رونق بحال ہو گئی ہیں۔

دوسری جانب چند پرائیوٹ اسکولز میں تدریسی عمل 6 اگست سے شروع ہوگا۔

(جاری ہے)

بدھ کوتفریحی مقامات اور گزارے گئے موج مستیوں کی یادیں لیے بچے اسکول پہنچ گئے۔ڈھائی ماہ بعد اسکولوں کو جانے والے بعض بچے تو صبح اونگھتے نظر آئے اور بعض دوستوں سے ملنے کی خوشی، نئے یونی فارم، کتابوں اور بستے کے ہمراہ ہستے مسکراتے اسکول جاتے دکھائی دیئے۔سندھ میں ہیٹ ویو کے سبب پہلے چھٹیاں 15 مئی سے 15 جولائی تک دی گئیں تاہم عام انتخابات 2018 کی وجہ سے تعطیلات کو 31 جولائی تک بڑھا دیا گیاتھا۔ اس موقع پر اساتذہ نے کہاکہ ابتدائی دنوں میں اسکولوں میں بچوں کی حاضری کم رہتی ہے۔ 14 اگست کے بعد ہی مکمل طور پر تدریسی عمل کا اغاز ہوگا۔