الیکشن میں شکست یا وجہ کچھ اور؟ جمشید دستی نے حلقے میں کیا کام کر دیا

عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی نے شہریوں کو دی گئی مفت بس سروس بند کر دی

Muqadas Farooq Awan مقدس فاروق اعوان منگل 7 اگست 2018 11:11

الیکشن میں شکست یا وجہ کچھ اور؟ جمشید دستی نے حلقے میں کیا کام کر دیا
لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔07 اگست 2018ء) عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشیددستی نے عوام کو مفت سفری سہولیات فراہم کرنے والی بس سروس بندکردی ہے۔قومی اخبار کی ایک رپورٹ کے مطابق جمشید دستی نے اپنے انتخابی حلقے این اے 182 سمیت قریبی علاقوں میں شہریوں کو مفت سفری سہولیات کی فراہمی کے لیے 2010ءکے بعد مفت بس سروس شروع کی تھی اور ان بسوں میں سفر کرنےو الے شہریوں سے کرایہ وصول نہیں کیا جاتا تھا اور یہ سروس مفت میں فراہم کی جاتی تھی۔

تاہم الیکشن 2018ء میں جمشید دستی کو بد ترین شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ قومی اسمبلی کی 3 اور ایک صوبائی نشست ہار کر پارلیمانی سیاست سے باہر ہوجانے والے جمشیددستی نے نہ صرف فری بس سروس ختم کردی بلکہ پانچوں بسوں کومقامی پیٹرول پمپ پر کھڑا کردیا ہے ۔

(جاری ہے)

تاہم اس متعلق جمشیددستی کے میڈیا کوآرڈینیٹر سہیل غوری کا کہنا ہے کہ فنڈز کی کمی کے سبب فری بس سروس معطل کی گئی، جسے چند روز بعد بحال کردیا جائےگا۔

یاد رہے مظفر گڑھ میں ا ایک بڑا سیاسی اپ سیٹ بھی سامنے آیا تھا۔عوامی راج پارٹی کے سربراہ جمشید دستی قومی اسمبلی کی دونوں نشستوں سے شکست کا شکار ہوگئے تھے۔جمشید دستی مظفر گڑھ کے 2 حلقوں سے میدان میں اترے تھے تاہم وہ دونوں نشستوں میں سے ایک نشست بھی حاصل نہیں کر پائے اور دونوں سیٹوں پر اپنے مخالفین کے ہاتھوں چاروں شانے چت ہو چکے ہیں۔

یاد رہے کہ جمشید دستی کو مظفر گڑھ کی سیات کا بڑا نام سمجھا جاتا ہے جن کی جڑیں عوام میں تھیں ۔تاہم تازہ ترین پیش رفت نے جمشید دستی کا سحر بھی توڑ دیاہے۔اور اب الیکشن میں بد ترین شکست کے بعد جمشید دستی نے اپنے حلقے میں اہم قدم اٹھایا ہے اور شہریوں کو دی گئی مفت بس سروس ختم کر دی۔یہ بس سروس دوبارہ کب بحال ہو گی اس کے لیے کوئی حتمی تاریخ نہیں دی گئی۔