سندھ اسمبلی گستاخانہ خاکوں کے خلاف متفقہ مذمتی قرارداد منظور کرے ، سید عبد الرشید

عبد الرشید نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف سندھ اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرادی

جمعرات 16 اگست 2018 23:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2018ء) امیر جماعت اسلامی ضلع جنوبی و متحدہ مجلس عمل کے نومنتخب رکن سندھ اسمبلی سید عبدالرشید نے وزیر اعلیٰ سندھ کے انتخاب مکمل ہو نے اور سید مراد علی شاہ کے سندھ کے وزیر اعلیٰ منتخب ہو نے کے بعد سندھ اسمبلی میں تقریر کر تے ہوئے کہا ہے کہ ایک بار پھر ناموس رسالت پر حملہ کیا جارہا ہے۔ہالینڈ میں گستاخانہ خاکوں کامقابلہ ہمارے ایمان پر حملہ ہے۔

گستاخانہ خاکوں کے خلاف سندھ اسمبلی کے اراکین متفقہ مذمتی قرارداد منظور کریں۔آقائے دو جہاں سرکاردوعالم صلی اللہ علیہ وسلم کی حرمت پر ہماری جانیں بھی قربان ہیں ان کی شان میں کسی صورت گستاخی برداشت نہیں کرسکتے۔سید عبد الرشید نے اپنی تقریر میں سید مراد علی شاہ کو وزیر اعلیٰ منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ امید ہے کہ وزیر اعلی بلا تفریق وتعصب کراچی سمیت پورے سندھ کی خدمت کریںگے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلی کا منصب صرف ایک عہدہ نہیں ایک بڑی ذمے داری ہے۔سندھ ہماری دھرتی ماں اور کراچی اس کا چہرہ ہے ۔کراچی ایک میگا سٹی ہے لیکن ہر دور حکومت میں اسے نظر انداز کیا گیا ۔ہم کراچی کے حقوق کیلئے اپنا کردار ادا کریںگے۔ کراچی کی بدقسمتی ہے گزشتہ پچیس سالوں کے دوران نمائندگی کرنے والے اسے حقوق نہ دلواسکے ۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے اسلاف پروفیسر غفور احمد ،علامہ شاہ احمد نورانی ،مفتی محمود اور نصراللہ شجیع شہید کی طرح اپنا مشن جاری رکھوں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے ہر اچھے کام میں ان کا ساتھ دیں گے ۔گزشتہ دور حکومت میں وزیر اعلی سندھ نے آخری ڈیڑھ سال کراچی پر کچھ توجہ دی امید ہے کہ کراچی کو تسلسل کے ساتھ ترقی دی جائے گی ۔دریں اثناء عبد الرشید نے گستاخانہ خاکوں کے خلاف سندھ اسمبلی میں تحریک التواء جمع کرادی ۔