Live Updates

جام کمال خان وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب ہو گئے

بلوچستان عوامی پارٹی کے رکن اسمبلی اور نو منتخب وزیراعلیٰ جام کمال کو 39 ووٹ ملے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 اگست 2018 12:39

جام کمال خان وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب ہو گئے
کوئٹہ (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اگست 2018ء) : بلوچستان عوامی پارٹی کے جام کمال خان وزیر اعلیٰ بلوچستان منتخب ہو گئے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلوچستان عوامی پارٹی کے رکن اسمبلی اوروزیر اعلیٰ کے اُمیدوار جام کمال خان نے 39 ووٹ حاصل کیے۔ بلوچستان اسمبلی کے نئے قائد ایوان کے لیے اسمبلی کا اجلاس نومنتخب اسپیکر عبدالقدوس بزنجو کی سربراہی میں ہوا۔

جس میں انسٹھ ممبران اسمبلی نئے قائد ایوان کا انتخاب کیا۔ صوبے میں وزارتِ اعلیٰ کے لیے بلوچستان عوامی پارٹی کے جام کمال اور متحدہ مجلس عمل کے میر یونس عزیز زہری مد مقابل تھے۔ جام کمال کو بلوچستان عوامی پارٹی اور اتحادیوں کی حمایت حاصل تھی جب کہ یونس عزیز زہری کو بی این پی مینگل اور متحدہ مجلس عمل نےنامزد کیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان تحریک انصاف نے بھی بلوچستان میں وزارت اعلیٰ کے عہدے کے لیے جام کمال خان کی حمایت کا ہی اعلان کیا تھا۔

31 جولائی 2018ء کو عمران خان سے ملاقات کے بعد مشترکہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے جام کمال خان کا کہنا تھا کہ عمران خان نےگرم جوشی سےخوش آمدید کہا ہے،پی ٹی ائی اور بی اے پی ایک دوسرے کو وفاق اور صوبے میں سپورٹ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ بی اےپی اور پی ٹی آئی کی پالیسیاں مشترک ہیں ان کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان اوروفاق میں پی ٹی آئی کےساتھ چلیں گے اور ہماری یہ حمایت غیر مشروط ہوگی،اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما جہانگیر ترین کا کہنا تھا کہ بی اےپی نےجام کمال کو وزیراعلیٰ نامزدکیا ہے۔

پی ٹی آئی نے بلوچستان میں وزرات اعلیٰ کے لیے جام کمال کی حمایت کا اعلان کیا ہے چونکہ بی اے پی کی وہاں واضح اکثریت ہے تو وزیر اعلیٰ بھی ان کا ہونا چاہیئے۔پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے حمایت کے اعلان کے بعد بلوچستان عوامی پارٹی نے 4 اگست کو جام کمال کو وزیراعلیٰ بلوچستان کے لیے نامزد کیا۔یاد رہے کہ جام آف لسبیلہ کی تیسری نسل وزارت اعلیٰ کا منصب سنھبالنے جارہی ہے۔ اس سے پہلے جام کمال خان کے دادا جام غلام قادر خان اور والد جام محمد یوسف بھی وزیراعلیٰ بلوچستان رہ چکے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات