Live Updates

وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں سادگی کی اعلیٰ مثال قائم

تقریب حلف برداری میں آئے مہمانوں کی صرف چائے اور بسکٹ سے تواضع کی گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 18 اگست 2018 12:47

وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں سادگی کی اعلیٰ مثال قائم
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 اگست 2018ء) : نو منتخب وزیراعظم عمران خان کی ایوان صدر میں تقریب حلف برداری میں سادگی کی اعلیٰ مثال قائم ہو گئی۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق نو منتخب وزیر اعظم تقریب حلف برداری میں آئے مہمانوں کو صرف پانی پیش کرنے کے حق میں تھے لیکن ایوان صدر نےمہمانوں کی تواضع کے لیے چائے کی تجویز پیش کی جس کےبعد تقریب حلف برداری میں آئے مہمانوں کو صرف چائے اور بسکٹ ہی پیش کیے گئے۔

مہمانوں کی صرف چائے اور بسکٹ سے تواضع کرنے پر ایک نئی مثال قائم کر دی۔ یاد رہے کہ عمران خان نے عام انتخابات 2018ء میں کامیابی حاصل کرنے کے بعد اپنے پہلے پالیسی خطاب میں کہا تھا کہ میں قوم کے ٹیکس کے پیسوں کی حفاظت کروں گا اور عوام کے پیسے کا ضیاع نہیں ہونے دوں گا۔

(جاری ہے)

اس سے پہلے بھی ایک خبر سامنے آئی تھی کہ ایوان صدر نے مہمانوں کی تواضع کے لیے عمران خان کو 9 ڈشز پیش کرنے کی تجویز دی گئی تھی جسے نو منتخب وزیر اعظم عمران خان نے مسترد کیا اور کہا کہ تقریب میں آنے والے مہمانوں کو صرف سادہ پانی ہی پیش کیا جائے۔

جس پر ایوان صدر نے عمران خان سے درخواست کی کہ مہمانوں کو کم از کم چائے تو پیش کی جائے۔ اورایوان صدر کی درخوست پر نو منتخب وزیراعظم عمران خان چائے دینے پر راضی ہوئے۔یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ نو منتخب وزیراعظم عمران خان نے پروٹوکول لینے سے بھی انکار کر دیا ہے۔ عمران خان ایوان صدر جانے کے لیے بنی گالہ سے روانہ ہوئے تو انہوں نے پروٹوکول لینے سے صاف انکار کر دیا۔

یاد رہے کہ آج صبح نو منتخب وزیراعظم کی تقریب حلف برداری ایوان صدر میں منعقد ہوئی۔ جس میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان ،پارلیمانی رہنما، ملکی و غیر ملکی مہمان اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنماؤں سمیت عمران خان کے قریبی دوست شریک تھے۔ تقریب حلف برداری میں سابق بھارتی کرکٹ نوجوت سنگھ سدھو بھی شریک تھے۔ نومنتخب وزیر اعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری میں ان کی تیسری اہلیہ اور پاکستان کی خاتون اول بشریٰ بی بی بھی شریک تھیں۔

عمران خان کی آمد پر کابینہ سیکرٹری نے ایوان صدر میں صدر مملکت سے تقریب شروع کرنے کی اجازت طلب کی، تقریب حلف برداری کا باقاعدہ آغاز تلاوت قرآن پاک سے کیا گیا جس کے بعد صدر مملکت ممنون حسین نے نومنتخب وزیر اعظم عمران خان سے عہدے کا حلف لیا۔ اس موقع پر نومنتخب وزیراعظم عمران خان نے کالے رنگ کی شیروانی زیب تن کر رکھی تھی۔

حلف برداری کے بعد وزیراعظم عمران خان نے حلف کی دستاویز پر دستخط کیے جس کے بعد نو منتخب وزیر اعظم عمران خان وزیر اعظم ہاؤس روانہ ہوئے جہاں انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ عمران خان کو سخت سکیورٹی میں ایوان صدر پہنچایا گیا۔ایوان صدر روانگی سے قبل عمران خان نے پروٹوکول لینے سے انکار کردیا جس کے بعد عمران خان بغیر پروٹوکول کے ہی ایوان صدر روانہ ہوئے۔
یاد رہے کہ گذشتہ روز قومی اسمبلی میں قائد ایوان کے لیے انتخاب ہوا جس میں پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان 176 ووٹ لے کر ملک کے 22 ویں وزیراعظم منتخب ہوئے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات