Live Updates

عمران خان اپنی مثبت سوچ کے ذریعے پاکستان اور اس کے عوام کو بھی مثبت سمت میں لے کر جائیں گے اور عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے، قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ممتاز کھلاڑیوں کی ایوان صدر میں منتخب وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب کے موقع پر گفتگو

ہفتہ 18 اگست 2018 15:00

اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) قومی کرکٹ ٹیم کے سابق ممتاز کھلاڑیوں نے عمران خان کے وزارت عظمیٰ کے عہدے پر فائز ہونے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ عمران خان اپنی مثبت سوچ کے ذریعے پاکستان اور اس کے عوام کو بھی مثبت سمت میں لے کر جائیں گے اور عوام کی توقعات پر پورا اتریں گے۔ یہ بات انہوں نے ہفتہ کو یہاں ایوان صدر میں منتخب وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب کے موقع پر ’’اے پی پی‘‘ سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

سابق کپتان جاوید میانداد نے کہا کہ آج سب کے لئے خوشی کا دن ہے، سیاسی میدان میں ایک نئی ٹیم برسراقتدار آئی ہے، امید ہے کہ یہ عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ کھلاڑیوں کو بڑے تجربات سے گزرنا پڑتا ہے، وہ دنیا بھر میں ممالک کا دورہ کرتے ہیں جن سے انہیں تجربہ حاصل ہوتا ہے، عمران خان کے ساتھ کم و بیش 40 سال کا دیرینہ تعلق ہے، ہم کائونٹی میں بھی اکٹھا کھیلے، اندرون و بیرون ملک کرکٹ کھیلی، ان کو بخوبی جانتا ہوں، پاکستان کو ایسے باصلاحیت لوگوں کی اشد ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

عمران خان نے 22 سال پہلے جس جدوجہد کا آغاز کیا تھا اس کے نتیجے میں تبدیلی آ گئی ہے، یقین ہے کہ وہ پاکستان اور پاکستان کے عوام کے لئے کام کریں گے اور عوام کی توقعات پر پورا اترتے رہیں گے۔ سابق کپتان وسیم اکرم نے کہا کہ آج سب کے چہروں پر خوشی دیکھ رہا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ سخت محنت کے ذریعے منزل حاصل کی جا سکتی ہے جو عمران خان کی خاصیت ہے، وہ سخت محنت اور عزم کے بل بوتے پر آگے بڑھتے ہوئے پاکستان کے اعلیٰ ترین منصب پر فائز ہوئے ہیں۔

سابق اوپنر مدثر نذر نے کہا کہ انہیں شروع سے ہی یقین تھا کہ عمران خان جس طرح کی مثبت سوچ رکھتے ہیں، وہ پاکستان کو بھی مثبت سمت میں لے کر جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ میدان میں ٹف ٹائم دیتے تھے لیکن اس کے ساتھ ساتھ ہر کھلاڑی کی حوصلہ افزائی بھی کرتے تھے، امید ہے کہ وہ پاکستان کے عوام بالخصوص محروم طبقات کی بہتری کیلئے اہم کردار ادا کریں گے، اپنے کئے ہوئے وعدوں پر پورا اترنے کی بھرپور کوشش کریں گے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات