پیپلز پارٹی نے صدر مملکت کے لیے اعتزاز احسن کو نامزد کردیا

ن لیگ اور دیگر جماعتوں سے رابطے کیلئے خورشید شاہ کی سربراہی میں کمیٹی قائم

اتوار 19 اگست 2018 17:30

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اگست2018ء) پیپلز پارٹی نے صدارتی انتخاب کے لیے اپنا امیدوار لانے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے پارٹی قیادت نے اعتزاز احسن کو نامزد کردیا،سیاسی جماعتوں کا ٹاسک خورشید شاہ کو سونپ دیا گیا۔ ذرائع کے مطابق پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور شریک چیئرمین آصف زرداری نے اعتزاز احسن کو صدرارتی امیدوار نامزد کردیا جب کہ ان کے لیے لابنگ کرنے کے لیے خورشید شاہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بھی بنادی گئی۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ خورشید شاہ، شیری رحمان اور قمر زمان کائرہ پر مشتمل کمیٹی مسلم لیگ (ن) اور دیگر اتحادیوں سے رابطہ کرے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز تحریک انصاف کی جانب سے صدر مملکت کے لیے ڈاکٹر عارف علوی کو نامزد کیا گیا ہے۔یاد رہے کہ صدر مملکت ممنون حسین کی 8 ستمبر کو عہدہ صدارت پر مدت پوری ہورہی ہے اور نئے صدر کے انتخاب کے لیے پولنگ 4 ستمبر ہوگی۔الیکشن کمیشن کے نوٹی فکیشن کے مطابق صدارت کے عہدے کے لیے کاغذات نامزدگی 27 اگست کو دن 12 بجے تک جمع کرائے جاسکیں گے جس کی جانچ پڑتال 29 اگست کو صبح 10 بجے ہوگی۔امیدوار 30 اگست کو دن 12 بجے تک کاغذات نامزدگی واپس لے سکیں گے جس کے بعد حتمی فہرست اسی روز دن ایک بجے جاری کی جائے گی