Live Updates

شہری دل کھول کر دیا میر بھاشا ڈیم کیلئے عطیات دیں اور اپنی آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ کریں ‘آمنہ عمران خان

ڈیم کے لئے فنڈ اکٹھے کرنے کی خاطر 6ستمبر کو بھی اسی طرح کا پروگرام منعقد کیا جائے گا‘تاجر رہنما عرفان اقبال شیخ

اتوار 19 اگست 2018 19:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اگست2018ء) لاہور ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ڈائریکٹر جنرل آمنہ عمران خان نے کہا ہے کہ دیا میر بھاشا ڈیم قومی تعمیر و ترقی کامنصوبہ ہے - ایل ڈی اے نے مقامی تاجروں کے تعاون سے جشن آزادی کنسرٹ منعقد کر کے اس منصوبے کے لئے عطیات اکٹھے کرنے کی خاطر ایک تحریک شروع کر دی ہے ‘یہ اپنی نوعیت کا پہلا پروگرام ہے جوملک میں پانی کی کمی اور ڈیم کی ضرورت‘ اہمیت اور افادیت کے بارے میں قوم میں شعور بیدار کرنے میں معاون ہو گا-دیگر محکمے ‘ تنظیمیں اور ادارے بھی اس قومی کاز کے لئے آگے بڑھیں اور ڈیم فنڈ کے لئے عطیات اکٹھے کریں- شہری سپریم کورٹ آف پاکستان کی طرف سے دیامیر بھاشا اور مہمند ڈیم کی تعمیر کے لئے قائم کئے جانے والے خصوصی فنڈ میں جوش و خروش کے ساتھ دل کھول کر عطیات دیں اور اپنی آئندہ نسلوں کا مستقبل محفوظ کریں -ملک کے دوسرے شہروں اور علاقوں میں اس طرح کے پروگرام دیا میر بھاشا ڈیم کے لئے فنڈ اکھٹے کرنے کے لئے مددگار ہوں گے ۔

(جاری ہے)

وہ گزشتہ شب نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں منعقد کئے جانے والے جشن آزادی کنسرٹ کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہی تھیں-چیف سیکرٹری پنجاب اکبر حسین درانی ‘ انسپکٹر جنرل پولیس سید کلیم امام اور دیگر اعلی افسران کے علاوہ شہریوں کی بہت بڑی تعداد نے کنسرٹ دیکھا۔اس موقع پر خطاب کر تے ہوئے تاجر رہنما عرفان اقبال شیخ نے کہا کہ دیا میر بھا شا ڈیم کے لئے فنڈ اکٹھے کرنے کی خاطر 6ستمبر کو بھی اسی طرح کا پروگرام منعقد کیا جائے گا -انہوں نے کہا کہ ملک سے پانی کی کمی دور کرنے کے لئے تاجر برادری دیا میر بھاشا ڈیم بنانے کے لئے ہر طرح سے تعاون کرے گی -انہوں نے کنسرٹ کے انعقاد کے سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ایل ڈی اے آمنہ عمران کا شکریہ ادا کیا ۔

کنسرٹ کے موقع پر نیشنل ہاکی سٹیڈیم میں چاروں صوبوں‘ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے انکلوژر بنائے گئے تھے - اس کے علاوہ دفاع وطن کے لئے جانیں قربان کرنے والے فوج اور پولیس کے شہدا کی اہل خانہ کو بھی مدعو کیا گیا ہے - سیکورٹی کے سخت اقدامات کئے گئے تھے اور گاڑیوں کی پارکنگ کے لئے خصوصی جگہیں مقرر کی گئی تھیں-کنسرٹ کے ٹکٹوں سے فروخت ہونے والی آمدنی دیا میر بھا شا ڈیم فنڈ میں عطیہ کر دی گئی -سٹیڈیم میں بھی عطیات جمع کروانے کے لئے بینک آف پنجاب کے بوتھ قائم کئے گئے تھی- ملی نغموں کے کنسرٹ میں شفقت امانت علی، پپو سائیں اور حمیرہ ارشد اور جل گروپ سمیت معروف فنکاروں نے اپنے فن کا مظاہرہ کیا ۔

حاضرین نے ان کی بھر پور پذیرائی کی اور دل کھول کر داد دی - تقریب کے اختتام پر آتش بازی کاشاندار مظاہرہ بھی کیا گیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات