لاہور کا وہ خوش قسمت حلقہ جہاں کا ایم این اے اور دو ایم پی اے وزیر بن گئے

اہل علاقہ نئے منتخب نمائندوں سے اُمیدیں باندھ لیں

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین منگل 28 اگست 2018 11:55

لاہور کا وہ خوش قسمت حلقہ جہاں کا ایم این اے اور دو ایم پی اے وزیر بن ..
لاہور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 28 اگست 2018ء) : عام انتخابات 2018ء میں پاکستان تحریک انصاف کو نمایاں کامیابی حاصل ہوئی جس کے بعد پاکستان تحریک انصاف نے نہ صرف خیبرپختونخواہ بلکہ وفاق اور پنجاب میں بھی حکومت سازی کی۔ لاہور میں پاکستان تحریک انصاف نے بڑے بڑے ناموں کو شکست دی جس کے بعد پنجاب کی حکومت سازی عمل میں لائی گئی۔ دو روز قبل وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے اپنی 23 رکنی پنجاب کابینہ کا اعلان کیا جس میں پارٹی کے سینئیر رہنماؤں کو بھی وزارتیں دی گئیں۔

لاہور کا ایک خوش قسمت حلقہ ایسا بھی ہے جہاں سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی اور دو ارکان صوبائی اسمبلی کو وزاتیں سونپ دی گئی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق عام انتخابات میں حلقہ این اے 130 سے منتخب ہونے والے شفقت محمود وفاقی وزیر جبکہ پی پی 159 سے منتخب ہونے والے ڈاکٹر مراد راس اور پی پی 160 سے منتخب ہونے والے میاں محمود الرشید صوبائی وزیر بن گئے ہیں۔

(جاری ہے)

شفقت محمود نے حلقہ این اے 130 میں پاکستان مسلم لیگ ن کے خواجہ احمد حسان کو شکست دی۔ شفقت محمود حلقے میں 127405 ووٹ لے کر کامیانب ہوئے جبکہ خواجہ احمد حسان 104625 ووٹ حاصل کر سکے۔ اسی طرح پی پی 159 میں پاکستان تحریک انصاف کے اُمیدوار مراد راس نے 55128 ووٹ حاصل کیے اور پاکستان مسلم لیگ ن کے محمد نعمان کو شکست دے دی۔ جبکہ صوبائی حلقہ پی پی 160 سے پاکستان تحریک انصاف میاں محمود الرشید 63059 ووٹ لے کر کامیاب ہوئے اور پاکستان مسلم لیگ ن کے اُمیدوار سید توصیف حسین شاہ کو شکست دی۔

پنجاب کی نئی کابینہ میں ڈاکٹر مراد راس کو وزارت اسکول ایجوکیشن پنجاب اور میاں محمود الرشید کو ہاؤسنگ، اربن ڈویلپمنٹ اور پبلک ہیلتھ انجینیئرنگ کا قمدان سونپ دیا گیا۔ جبکہ این اے 130 سے کامیاب ہونے والے شفقت محمود کو وفاقی کابینہ میں وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کا قلمدان سونپا گیا ہے۔ حلقے سے منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی اور دو ارکان صوبائی اسمبلی کو وزارتیں ملنے پر اہل علاقہ نے ان سے اُمیدیں باندھ لی ہیں۔