پیپلز پارٹی نے صدارتی الیکشن میں حکومتی امیدوار کو سہولت دینے کیلئے اپنا امیدوار کھڑا کیا ،

متحدہ اپوزیشن کے صدارتی امیدوار مولانا فضل الرحٰمن ہیں، جن شہداء نے ملک میں امن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ان کو ساری قوم سلام پیش کرتی ہے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ کی پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو

جمعرات 30 اگست 2018 15:07

پیپلز پارٹی نے صدارتی الیکشن میں حکومتی امیدوار کو سہولت دینے کیلئے ..
اسلام آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 30 اگست2018ء) سابق وزیر قانون پنجاب رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی نے صدارتی الیکشن میں حکومتی امیدوار کو سہولت دینے کیلئے اپنا امیدوار کھڑا کیا ہے، جن شہداء نے ملک میں امن کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے ان کو ساری قوم سلام پیش کرتی ہے۔ جمعرات کو پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ متحدہ اپوزیشن کی طرف سے صدارتی امیدوار کیلئے مولانا فضل الرحٰمن ہیں، دوسرا کوئی نہیں ہے۔

پیپلز پارٹی نے حکومتی امیدوار کو سہولت دینے کیلئے اپنا امیدوار کھڑاکیا ہے۔ ایم ایم اے اور مسلم لیگ (ن)کے تمام ممبران اپوزیشن کا کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کا اصل مسئلہ سندھ حکومت ہے، وفاقی حکومت سندھ میں پیپلز پارٹی کو اور پیپلز پارٹی اس کو وفاق میں سہولت فراہم کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پہلے ہم یہ توقع کر رہے تھے کہ پی ٹی آئی اڑھائی سال تک حکومت کر لے گی اور ہم مڈ ٹرم انتخابات کی طرف جائیں گے، لیکن اب ایسا لگ رہا ہے کہ یہ حکومت چھ ماہ بھی نہیں چل سکے گی۔

رانا ثناء اللہ نے کہا کہ جن لوگوں نے اس ملک کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ دیا اور ان کی قربانیوں کی وجہ سے ملک میں امن قائم ہوا ہے، قو م یوم شہداء کے موقع پر ان ستاروں کو سلام پیش کرتی ہے۔ اختلاف ہر معاملے پر ہو سکتا ہے لیکن جن لوگوں نے اس ملک کیلئے اپنی جانوں کانذرانہ پیش کیا ہے اس حوالے سے سب لوگ متفق ہیں اور ان کو سلام پیش کرتے ہیں۔