کراچی سے پی ٹی آئی کے ایک اور رکن قومی اسمبلی کے گلے شکو ے سامنے آگئے

چاہے اسلام آباد ہو یا کراچی،ہمیں نظر انداز کیا جارہا ہے،عارف علوی کراچی کے معاملات دیکھیں ،آفتاب جہانگیر

جمعرات 30 اگست 2018 15:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اگست2018ء) عامر لیاقت کے بعدپی ٹی آئی کے ایک اور رکن قومی اسمبلی کا اظہار محرومی اورگلے شکوے سامنے آ گئے ہیں، این اے 252 سے ایم این اے منتخب ہونے والے آفتاب جہانگیر نے کہا ہے کہ چاہے اسلام آباد ہو یا کراچی،ہمیں نظر انداز کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے آڈیو بیان میں آفتاب جہانگیر نے کہا کہ ہم بھی کراچی سے منتخب ہوئے ہیں تاہم ہمیں ہرمعاملات پر نظرانداز کیا جارہاہے،انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم سے ملاقات ہویا ادارہ نورحق کا دورہ ہمیں نظر انداز کیا جارہا ہے۔

انہوں نے پی ٹی آئی کے صدارتی امیدوار ڈاکٹرعارف علوی سے مطالبہ کیا کہ آپ کراچی کے بڑے ہیں یہ معاملات دیکھیں۔واضح رہے کہ دو روز قبل عامر لیاقت نے بھی گورنر سندھ عمران اسماعیل کی حلف برداری کی تقریب کے بعد عشائیے میں مدعو نہ کرنے پر شدید غصے کا اظہار کیا تھا اور انہوں نے سندھ کی پارلیمانی پارٹی کا واٹس ایپ گروپ بھی چھوڑ دیا تھا۔دوسری جانب گورنر ہاوس اور پی ٹی آئی ذرائع کا کہنا ہے کہ عامر لیاقت کی ناراضگی بلاجواز ہے۔