Live Updates

عمران خان جی ایچ کیو میں اجلاس کی صدارت کرنے والے پاکستان کے واحد وزیراعظم بن گئے

اس سے قبل ہمیشہ وزیراعظم اور آرمی چیف پاک فوج کے ہیڈ کوارٹر میں اجلاس کی مشترکہ صدارت کیا کرتے تھے

muhammad ali محمد علی جمعرات 30 اگست 2018 22:53

عمران خان جی ایچ کیو میں اجلاس کی صدارت کرنے والے پاکستان کے واحد وزیراعظم ..
راولپنڈی (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔30 اگست 2018ء) عمران خان جی ایچ کیو میں اجلاس کی صدارت کرنے والے پاکستان کے واحد وزیراعظم بن گئے، اس سے قبل ہمیشہ وزیراعظم اور آرمی چیف پاک فوج کے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ کسی بھی اجلاس کی مشترکہ صدارت کیا کرتے تھے۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج وفد کے ساتھ صبح 10بجے جی ایچ کیو پہنچے تھے۔ وزیراعظم عمران خان نے جی ایچ کیو میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔

وزیراعظم عمران خان کوجی ایچ کیو میں8 گھنٹے طویل ترین بریفنگ دی گئی۔وزیراعظم عمران خان کو قومی سلامتی اور خطے کی سکیورٹی صورتحال کے امور پربریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم دہشتگردی اور انتہا پسندی کیخلاف جاری آپریشنز سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پروزیراعظم عمران خان کے ہمراہ وزرائے دفاع ، خارجہ، خزانہ اور اطلاعات بھی تھے۔

وزیر مملکت داخلہ اور سیکرٹری دفاع بھی جی ایچ کیو کے دورے میں موجود تھے۔ یہ پہلا موقع تھا کہ جب جی ایچ کیو میں منعقد اجلاس کی صدارت کسی وزیراعظم نے کی ہو۔ اس سے قبل ہمیشہ وزیراعظم اور آرمی چیف پاک فوج کے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ کسی بھی اجلاس کی مشترکہ صدارت کیا کرتے تھے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے دورہ جی ایچ کیو کے موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باوجوہ نے وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا۔

وزیراعظم عمران خان کوجی ایچ کیو آمد پر گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ وزیراعظم عمران خان نے جی ایچ کیو میں یادگار شہداء پرپھول چڑھائے۔ وزیراعظم کوپرنسپل اسٹاف افسران سے تعارف بھی کروایا گیا۔ وزیراعظم اور کابینہ ارکان کو سیکیورٹی صورتحال، خطرات اور ان سے نمٹنے کی حکمت عملی،کراچی آپریشن،رد الفساد،خوشحال بلوچستان پر بھی بریفنگ دی گئی۔

وزیراعظم نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی اوردہشتگردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کوسراہا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ پاکستان کواندرونی اوربیرونی چیلنجز کا سامنا ہے۔ قوم کی حمایت سے ملک کردرپیش چیلنجز پرقابو پائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی استعداد کار بڑھانے کیلئے وسائل فراہم کریں گے۔ حکومت پاک فوج کی قابلیت، صلاحیتوں کو برقرار رکھنے کیلیے تمام وسائل مہیا کریگی۔

آگے بڑھنا پاکستان کا مقدر ہے۔ اس موقع پرچیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاک فوج مادروطن کی حفاظت کیلئے قوم کی توقعات پرپورا اترے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہرقیمت اورقربانیوں سے مادروطن کی حفاظت کی جائے گی۔ وزیراعظم عمران خان کے دورہ جی ایچ کیو راولپنڈی بارے وفاقی وزیراطلاعات ونشریات فواد چودھری کا کہنا ہے کہ جی ایچ کیو کا دورہ بہت اچھا رہا۔ جی ایچ کیو میں دی گئی تفصیلی بریفنگ بڑی اہمیت کی حامل تھی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم اور کابینہ ارکان کو دنیا کی بہترین فوج کی کمانڈ سے ملاقات پر فخر ہے۔ تمام اداروں کے درمیان رابطوں اور تعاون سے درپیش چیلنجز پر قابو پا سکتے ہیں۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات