چکوال، این ای65کے ضمنی الیکشن میں تاحال کوئی بڑی سیاسی اور انتخابی سرگرمی سامنے نہیں آئی

پورے ضلع چکوال میں مکمل سیاسی سناٹا

اتوار 2 ستمبر 2018 20:00

چکوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 02 ستمبر2018ء) حلقہ این ای65کے ضمنی الیکشن میں ابھی تک کوئی بڑی سیاسی اور انتخابی سرگرمی سامنے نہیں آئی۔ پورے ضلع چکوال میں مکمل سیاسی سناٹا ہے، پیپلز پارٹی، متحدہ مجلس عمل اور سردار منصور حیا ت ٹمن نے اپنے آپ کو ضمنی الیکشن سے علیحدہ کر لیا ہے مگر ابھی تک کسی امیدوار کی حمایت کا اعلان بھی نہیں کیا جسکی وجہ سے یہ نظر آرہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار سردار فیض ٹمن اور مسلم لیگ ن نی14اکتوبر کے ضمنی الیکشن کیلئے ابھی تک کوئی ہوم ورک شروع ہی نہیں کیا ہے۔

مسلم لیگ ق کے چوہدری شجاعت حسین کیخلاف پی ٹی آئی اور سردار غلام عباس گروپ کی طرف سے کچھ تحفظات ابھرے تھے جس سے مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی کے اعلیٰ حلقوں میں تھوڑی تشویش پیدا ہوئی تھی مگر جونہی سردار غلام عباس فریضہ حج ادا کرنے کے بعد لاہور پہنچے اور وہاں پر انہو ںنے گجرات کے چوہدری برادران سے ملاقات اور مشاورت کرکے ان کی حمایت کا اعلان کردیا جس کی وجہ سے چوہدری شجاعت حسین کی پوزیشن کافی بہتر ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

25جولائی کے انتخابی نتائج کا اگر قریبی جائزہ لیا جائے تو جیتنے والے امیدوار چوہدری پرویز الہٰی کے ایک لاکھ57ہزار اور ان کے مخالف کھڑے مختلف جماعتوں کے امیدواروں کے ووٹوں کو اکٹھا کیا جائے تو یہ تقریباً چوہدری پرویز الہٰی کے ووٹوں کے برابر بنتے ہیں ، ابھی تک متحدہ اپوزیشن کی کوئی سرگرمی اور متحدہ اپوزیشن جماعتوں کو اکٹھا کرنے کیلئے کوئی سنجیدہ حکمت عملی سامنے نہیں آئی ہے۔

بہرحال سیاسی حلقوں کا خیال ہے کہ آئندہ پانچ سات روز میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا مرحلہ مکمل ہوتے ہی انتخابی مہم میں تیزی آئے گی۔ البتہ ضلع چکوال کے تمام پارلیمنٹرینز بلاتفریق یا صوبائی وزراء کسی طور پر بھی کسی بھی امیدوار کی انتخابی مہم میں حصہ نہیں لے سکیں گے جس سے خیال کیا جاتا ہے کہ یہ جوش و خروش سے عاری ضمنی الیکشن ہوگا اور اس میں25جولائی کی نسبت ٹرن آئوٹ بھی کافی کم ہونے کا امکان ہے۔