Live Updates

مسلم لیگ ن نے قائد کی رہائی کے لیے تحریک چلانے کا اعلان کر دیا

بہت جلد نواز شریف کی رہائی کے لیے تحریک کا آغاز کیا جائے گا۔ مسلم لیگ ن

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین ہفتہ 8 ستمبر 2018 12:03

مسلم لیگ ن نے قائد کی رہائی کے لیے تحریک چلانے کا اعلان کر دیا
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 08 ستمبر 2018ء) : مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز اڈیالہ جیل میں قید ہیں، اور احتساب عدالت کی جانب سے دی جانے والی سزا کاٹ رہے ہیں۔ تاہم اب مسلم لیگ ن نے اپنے قائد کی اڈیالہ جیل سے رہائی کے لیے تحریک چلانے کا اعلان کر دیا ہے۔ یہی نہیں بلکہ اس حوالے سے باقاعدہ منصوبہ بندی بھی کی جا رہی ہے۔

مسلم لیگ ن کے سینیٹر چوہدری تنویرکی رہائش گاہ پر این اے 60 کے ضمنی الیکشن کے سلسلے میں منعقدہ ورکرزکنونشن سے خطاب کرتے ہوئےلیگی رہنماؤں نے اعلان کیا کہ بہت جلد نوازشریف کی رہائی کے لئے تحریک شرو ع کی جائے گی ،14 اکتوبر کو ہونے والا الیکشن حنیف عباسی کا الیکشن ہے یہ الیکشن نوازشریف کی امانت ہے راولپنڈی عوام ان کی خدمات کو فراموش نہیں کرسکتے وہ پہلے بھی ان کے ساتھ تھے اور آئندہ بھی ان کے ساتھ ہی کھڑے ہوں گے، نوازشریف قوم کے نجات دہندہ ہیں ۔

(جاری ہے)

ہمارا جینا اور مرنا نوازشریف کے ساتھ ہے نوازشریف کو سزا اس ملک کی ترقی کے خلاف سازش ہے، نوازشریف کی رہائی کے لیے کسی لانگ مارچ سے گریز نہیں کریں گے، کسی لادین اور قادیانی کو اس ملک پر راج نہیں کرنے دیں گے، سجاد خان کی کامیابی اڈیالہ جیل کے قیدیوں کے لیے تقویت کا باعث ہوگی ، ایڈوائزری کونسل میں قادیانی میاں عاطف کی تقرری حکومت کی قادیانی نواز پالیسی ہے۔

جس میں قادیانیوں کو نوازا جائے گا۔ جس کی ہم مذمت کرتے ہیں،نوازشریف نے ملاقات کے دوران حکم دیاہے کہ راولپنڈی کے حلقہ این اے60 کا الیکشن مسلم لیگ ن کی عزت اوروقار کاالیکشن ہے لہذامیری طرف سے راولپنڈی کے مسلم لیگی کارکنوں اورعوام سے کہاجائے کہ اس حلقہ سے اُمیدوارسجاد خان کوکامیاب کروا کریہ ثابت کردیں کہ راولپنڈی مسلم لیگ ن کاگڑھ ہے،شیخ رشیدکے بھتیجے شیخ راشد شفیق کوشکست فاش دیں گے۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز ، داماد کیپٹن (ر) صفدر اور مسلم لیگ ن کے رہنما حنیف عباسی اڈیالہ جیل میں قید ہیں، نواز شریف اور مریم نواز سے ملاقات کے لیے جمعرات کا دن مختص ہے جس دن نواز شریف اور مریم نواز کے قریبی ساتھیوں اور مسلم لیگ ن کی سینئیر قیادت کو ان سے ملاقات کی اجازت ہوتی ہے۔ سیاسی مبصرین کے مطابق کہنے کو شہباز شریف مسلم لیگ ن کے صدر ہیں لیکن مسلم لیگ ن اب بھی فیصلوں اور ہدایات لینے کے لیے اڈیالہ جیل کی طرف ہی دیکھتی ہے، نواز شریف کی جارحانہ پالیسی اور اداروں پر تنقید کی سیاست کے حق میں مسلم لیگ ن کے رہنماؤں اور کارکنوں نے تاحال شہباز شریف کو پارٹی کے صدر کے طور پر تسلیم نہیں کیا جبکہ اب بھی ہدایات نواز شریف اور مریم نواز سے ہی لی جاتی ہیں، اسی لیے پارٹی رہنما اور کارکنان قائد نواز شریف کے رہا ہونے کا انتظار کر رہے ہیں اور اسی لیے اب مسلم لیگ ن نے اپنے قائد کی رہائی کے لیے باقاعدہ تحریک چلانے کا اعلان کیا ہے۔

Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات