پنجاب کابینہ میں 10 نئے وزراء شامل کرنے کی حتمی منظوری دیدی گئی

کابینہ میں 4 مشیر ،5 معاونین خصوصی بھی شامل ہونگے،گورنر پنجاب کل حلف لیں گے

منگل 11 ستمبر 2018 17:01

پنجاب کابینہ میں 10 نئے وزراء شامل کرنے کی حتمی منظوری دیدی گئی
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2018ء) پنجاب کابینہ میں 10 نئے وزراء شامل کرنے کی حتمی منظوری دیدی گئی، کابینہ میں 4 مشیر اور 5 معاونین خصوصی بھی شامل ہوں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے جمعہ کو 9 وزراء کے ناموں کی منظوری دی تھی اور اب مزید ایک وزیر کے نام کی منظوری بھی دی گئی ہے۔گورنر پنجاب چوہدری سرور کل ( بدھ ) نئے وزراء ، مشیروں اور معاونین خصوصی سے حلف لیں گے۔

سید سعید الحسن شاہ، مہر محمد اسلم بھروانہ، سید حسنین جہانیاں گردیزی، محمد اجمل، محمد اخلاق، آشفہ ریاض، شوکت لالیکا، زوار حسین وڑائچ اور اعجاز مسیح وزراء کی حیثیت سے حلف اٹھائیں گے۔دوسری جانب عبدالحئی دستی، فیصل حیات جبوانہ اور محمد حنیف ایڈوائزر ہوں گے جبکہ رفاقت علی گیلانی، امیر محمد خان، خرم خان لغاری، عمر فاروق اور محمد سلمان خصوصی معاون ہوں گے۔

(جاری ہے)

10نئے وزراء کی شمولیت کے بعد پنجاب کابینہ میں وزرا کی تعداد 33 ہوجائے گی۔یاد رہے کہ پنجاب کی 23رکنی کابینہ نے 27 اگست کو قائم مقام گورنر چوہدری پرویز الٰہی سے حلف لیا تھا۔ حلف اٹھانے والوں میں میاں محمود الرشید، علیم خان، فیاض الحسن چوہان، حافظ ممتاز احمد، مخدوم ہاشم بخت، سمیع اللہ چوہدری اور یاسر ہمایوں سرفراز سمیت دیگر شامل تھے۔