میاں شہباز شریف ،بیگم کلثوم نواز کی میت کو لے کر پاکستان کے لیے روانہ ہو گئے

بیگم کلثوم نواز کی میت ساتھ شہبازشریف ،اسمہ علی ،عثمان علی ، حلیمہ علی اورمحمد ابراہیم لاہور پہنچیں گے

جمعرات 13 ستمبر 2018 23:26

میاں شہباز شریف ،بیگم کلثوم نواز کی میت کو لے کر پاکستان کے لیے روانہ ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 ستمبر2018ء) بیگم کلثوم نواز کی میت پی آئی اے کی پرواز پی کی758سے آج بروز ( جمعہ ) کو لاہور پہنچے گی ۔ میت کے ساتھ شہبازشریف اور نواز شریف کی بیٹی اسمہ علی اور ان کے بچوں عثمان علی ، حلیمہ علی اورمحمد ابراہیم لاہور پہنچیں گے ۔یاد رہے کہ آج بیگم کلثوم نواز کی لندن میں نماز جنازہ ادا کی گئی تھی۔

جمعرات کے روز لندن میں مسلم لیگ ن کے کارکنان اور پاکستانی کمیونٹی کے سینکڑوں افراد نے سابق خاتون اول بیگم کلثوم نوازکی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ لندن ریجنٹ پارک مسجد میں کلثوم نوازکی نمازجنازہ امام شیخ خلیفہ عزت نے پڑھائی۔ نمازجنازہ میں مرحومہ کے صاحبزادے حسن اور حسین نواز، سمدھی اسحاق ڈار، شہبازشریف،چوہدری نثار،عزیز واقارب، سابق وزیراعظم چودھری عبدالمجید سمیت پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

نماز جنازہ کے بعد کلثوم نواز کے جسد خاکی کولے جانے والی گاڑی کوجب ہیتھروایئرپورٹ کی جانب روانہ کیا گیا تون لیگ کے سینکڑوں کارکنان نے ان کی گاڑی کوگھیرے میں لے لیا اور بلند آواز میں ”مادرجمہوریت الوداع الوداع“ کہہ کران کوخراج عقیدت پیش کیا۔ جبکہ انہی نعروں کی گونج میں ان کے جسد خاکی کوپاکستان کیلئے روانہ کیا گیا۔پاکستان میں نماز جنازہ جمعہ کو 5 بجے جاتی امراء میں ادا کی جائے گی۔