Live Updates

نواز شریف دیسی مرغی اور مٹن استعمال کرتے تھے لیکن عمران خان کچھ نہیں کھاتے

وزیراعظم عمران خان گھر جا کر رات کا کھانا کھاتے ہیں، وزیر اعظم ہاؤس سے کچھ نہیں کھاتے

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 17 ستمبر 2018 14:41

نواز شریف دیسی مرغی اور مٹن استعمال کرتے تھے لیکن عمران خان کچھ نہیں ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 17 ستمبر 2018ء) : وسیع و عریض رقبے پر محیط وزیراعظم ہاؤس کے اندرونی مناظر کو دیکھ کر عوام ہکا بکا رہ گئی ہے ، اور ان مناظر کو دیکھ کر عوام کو اندازہ ہوتا ہے کہ کس طرح سابق حکمرانوں نے عوام کے ٹیکس کے پیسوں سے بنے اس وزیراعظم ہاؤس میں اہل خانہ سمیت عیش و عشرت کی زندگی بسر کی۔ وزیراعظم ہاؤس میں جہاں ڈرائنگ روم، ڈائننگ روم ، کانفرنس روم اور بیڈ رومز کا رقبہ دیکھ کر آنکھیں کھُلی کی کھُلی رہ جاتی ہیں وہیں وزیراعظم ہاؤس کا کچن بھی کسی سے کم نہیں ہے۔

وزیراعظم ہاؤس کے وسیع و عریض رقبے پر محیط ہونے کا اندازہ یہاں سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہاں موجود خانسامے لفٹ کے ذریعے آتے جاتے ہیں۔ ایک خانسامے نے بتایا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف کھانے میں مٹن اور دیسی مرغی زیادہ استعمال کرتے تھے لیکن دوپہر کا کھانا نہیں کھاتے تھے۔

(جاری ہے)

خانسامے کا کہنا تھا کہ موجودہ وزیراعظم عمران خان وزیراعظم ہاﺅس سے کچھ نہیں کھاتے اور رات کا کھانا گھر جا کر کھاتے ہیں۔

وزیراعظم ہاؤس میں مختلف قسم کے جانور اورپرندے جن میں بھینسیں، خرگوش اورمور وغیرہ شامل ہیں، موجود ہیں۔ میڈیا رپورٹ کے مطابق 1992ء میں مکمل ہونے وزیراعظم ہاﺅس کے پہلے مکین میاں نواز شریف تھے۔ ان کے بعد محترمہ بے نظیر بھٹو نئے وزیراعظم ہاﺅس کی مکین بنیں۔ پرویز مشرف نے وزیراعظم ہاﺅس کو اپنا کیمپ آفس بنایا، بعدازاں شوکت عزیز، چودھری شجاعت، یوسف رضا گیلانی، راجہ پرویز اشرف وزیراعظم ہاؤس کے مکین بنے۔

آخری مکین بھی سابق وزیراعظم نواز شریف تھے۔ اب چونکہ عمران خان نے یہاں رہنے سے انکار کر دیا ہے تو سابق وزیراعظم نواز شریف کو ہی وزیراعظم ہاؤس کے آخری مکین ہونے کا اعزاز حاصل ہے۔ وزیراعظم ہاؤس کا ایک کمرہ جوکہ ڈپٹی ملٹری سیکرٹری کا تھا، ن لیگ کے دور میں مریم نواز کا میڈیا سیل بنا رہا جو کہ اب خالی ہے۔واضح رہے کہ وزیراعظم عمران خان نے وزیراعظم ہاؤس میں رہائش اختیار نہ کرنے اور ملٹری سیکرٹری کے گھر میں رہنے کا اعلان کیا تھا۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں وزیراعظم ہاؤس کے وہ اندرونی مناظر بھی عام تک پہنچائے گئے جو کیمرے کی آنکھ سے ہمیشہ دور رہے۔
Live مریم نواز سے متعلق تازہ ترین معلومات