غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کو سستی اور آسان اقساط پر رہائش کی فراہمی اولین ترجیح ہے، سعید غنی

منگل 18 ستمبر 2018 17:43

غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کو سستی اور آسان اقساط پر رہائش کی فراہمی ..
کراچی۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 ستمبر2018ء) وزیر بلدیات سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے وژن اور ان کے منشور پر عمل پیرا ہیں، غریب اور متوسط طبقے کے لوگوں کو سستے اور آسان اقساط پر رہائش کی فراہمی ہماری اولین ترجیع ہے، ماضی کے سندھ حکومت کے جن جن رہائشی منصوبوں میں تاخیر ہوئی ہے اب اس کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور جلد ہی نئے رہائشی منصوبوں کا بھی آغاز کیا جائے گا، لیاری ری سیٹلمینٹ پروجیکٹ اور بینظیر بھٹو ٹائون کے حوالے سے تمام تفصیلات طلب کی ہیں اور ان پر جلد ہی کام کا آغاز کردیا جائے گا۔

جاری کردہ اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کے روز لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی لینڈ ڈپارٹمنٹ کے دورے کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صبح 9 بجے ایل ڈی اے لینڈ ڈپارٹمنٹ کے دفتر واقع مشرق سینٹر پہنچے اور وہاں افسران و ملازمین کی حاضری چیک کی اور جو ملازمین تاخیر کے باعث نہیں پہنچے تھے ان کی حاضری رجسٹرڈ میں غیر حاضری لکھتے ہوئے ان کی ایک دن کی تنخواہ کاٹنے کے احکامات بھی دیئے۔

اس موقع پر موجود افسران نے صوبائی وزیر بلدیات کو لیاری ری سیٹلمینٹ پروجیکٹ اور بینظیر بھٹو ٹائون کے حوالے سے آگاہی فراہم کی اور اس میں درپیش مسائل سے بھی آگاہ کیا۔ صوبائی وزیر نے ان دونوں منصوبوں میں تاخیر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو اس کی مکمل رپورٹ آئندہ 24 گھنٹوں میں تیار کرکے فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کا وژن غریب اور متوسط طبقے کو رہائش کی فراہمی ہے اور اس میں کوئی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت اور بالخصوص محکمہ بلدیات کے زیر انتظام محکموں میں جو رہائشی اسکیم ماضی میں شروع کی گئی ہیں اس کو جلد سے جلد مکمل کیا جائے گا اور جلد ہی نئی رہائشی اسکیموں کا بھی اعلان کیا جائے گا تاکہ عوام کو سستی اور آسان رہائش کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔ صوبائی وزیر نے کہا کہ 60،80 اور120 گز کے چھوٹے رہائشی پلاٹس پر تعمیرات کے لئے سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کو احکامات دیئے گئے ہیں ان کو ون ونڈو آپریشن کے ذریعے نقشوں کی منظوری سمیت تمام قانونی تقاضوں کو پورا کرنے میں معاونت فراہم کی جائے تاکہ چھوٹے اور متوسط طبقے کے افراد اپنے گھروں کی تعمیرات جلد سے جلد کر سکیں۔

اس موقع پر صوبائی وزیر نے دفتر میں صفائی ستھرائی اور ملازمین کی بروقت حاضری کو یقینی بنانے کے بھی احکامات دیئے۔