Live Updates

نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطل، رہائی کے بعد لاہور آنے کا امکان

نواز شریف ، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر خصوصی طیارے سے لاہور آئیں گے ۔ ذرائع

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین بدھ 19 ستمبر 2018 15:53

نواز شریف، مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطل، رہائی کے بعد لاہور ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 19 ستمبر 2018ء) : اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم جاری کر دیا ۔ نواز شریف،مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو رہائی کا پروانہ ملنے پر اسلام آباد ہائیکورٹ میں موجود پارٹی صدر شہباز شریف ، مرکزی رہنماؤں اور پارٹی کارکنان میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور نواز شریف کے حق میں نعرے بازی بھی کی گئی۔

جیل ذرائع عدالت کی جانب سے روبکار آنے کے منتظر ہیں، جیل ذرائع کے مطابق عدالت نے اگر لاک اپ ٹائم سے قبل ہی روبکار بھجوادیا تو تینوں قیدیوں کو آج ہی رہا کیے جانے کا امکان ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق آج رہائی کی صورت میں نواز شریف کے لاہور آنے کا امکان ہے۔

(جاری ہے)

سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کی رہائی کے بعد انہیں خصوصی طیارے سے لاہور منتقل کیا جائے گا۔

یاد رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ،مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر کو ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں نیب عدالت نے سزا دی تھی جس کے تحت سابق وزیراعظم نواز شریف کو 11 اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کو 8 جب کہ داماد کیپٹن (ر) صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے فیصلے میں نوازشریف کو 80 لاکھ پاؤنڈ اور مریم نواز کو 20 لاکھ پاؤنڈ جُرمانہ بھی عائد کیا اور ایون فیلڈ اپارٹمنٹس کو ضبط کرنے کا بھی حکم دیا جب کہ عدالت نے کیپٹن (ر) صفدر پرکوئی جُرمانہ عائد نہیں کیا۔

جس کے بعد تینوں قیدیوں نے سزا کے خلاف اپیلیں اسلام آباد ہائیکورٹ میں دائر کی تھیں جنہیں سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے اسلام آباد ہائیکورٹ نے تینوں قیدیوں کی سزا معطل کرتے ہوئے انہیں رہا کرنے کا حکم جاری کیا جبکہ تینوں قیدیوں کو 5،5 لاکھ روپے کے ضمانتی مچلکے بھی جمع کروانے کا حکم دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ سابق وزیراعظم نواز شریف ، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور کیپٹن (ر) صفدر اڈیالہ جیل میں قید تھے جہاں انہوں نے 60 سے زائد دن سزا کاٹی ۔
Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات